Live Updates

روزہ دار قرآن مسجد سے تعلق وفرائض کی ادائیگی کو رمضان کے بعد بھی جاری رکھیں،مولانا عبدالحق ہاشمی

قرآن پاک کو پڑھنے ،پڑھانے ،عمل کرنے ،عبادات،تلاوت قرآن کو روزانہ کا معمول بنایاجائے ،امیر جماعت اسلامی بلوچستان

بدھ 13 جون 2018 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ روزہ دار قرآن مسجد سے تعلق وفرائض کی ادائیگی کو رمضان کے بعد بھی جاری رکھیں ۔قرآن پاک کو پڑھنے ،پڑھانے ،اس پر عمل کرنے اورعبادات ،تلاوت قرآن کو روزانہ کا معمول بنایاجائے ۔قرآن پر عمل کرکے ہی ہم دینا کی امامت کر سکتے ہیں قرآن سے منہ موڑ کر ہم نے تباہی وبربادی کا سوداکیا ہرسال دنیا بھر میں لاکھوں مسلمان قرآن کی تکمیل کرتے ہیں۔

دنیا میں ایسی اورکوئی کتاب نہیں جواتنی بڑی تعداد سے پڑھی اور سنی جاتی ہو۔قرآن سے رہنمائی لیتے ہوئے بحیثیت مسلمان ہمیں دنیا وآخرت میں کامیابی کے لئے جستجوکرنی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ صوت القرآن نواکلی میں پروفیسر مولانا عبدالخالق مندوخیل کے قرآن کلاس کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے شرکاء کیلئے افطار ڈنرکا بھی اہتمام کیا گیا تھا تقریب میں الخدمت فائونڈیشن کوئٹہ کے صدر ڈاکٹر نعمت اللہ نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہا کہ آج دنیا میں مسلمان تارک قرآن ہوکر مشکلات میں مبتلاہیں۔اللہ اور اس کے رسول ؐ کے پیغام کو عام کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔کفارقوتیں مسلمانوں کے خلاف برسرپیکار ہیں ان کے قلع قمع کے لئے اتحادویکجہتی کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا۔امت مسلمہ ایک جسدواحد کی حیثیت رکھتی ہے۔زخم کہیں پر بھی لگے درد پورے جسم میں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مسلمان ممالک کو اوآئی سی کو بھرپورانداز میں منظم کرتے ہوئے امت مسلمہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کامقابلہ کرناہے۔حکومت پاکستان اس حوالے سے اپنا کردار اداکرے۔ رمضان المباک کا آخری عشرہ ہے ہمیں اس سے بھر پوراندازمیں فائدہ اٹھاتے ہوئے اللہ اور اس کے رسولؐ سے اپنا ناطہ مضبوط کرنا چاہئے۔رمضان المبارک کی آخری ساعتیں ہمارے لیے باعث برکت اور نجات ہیں۔

اللہ کی خوشنودی کے لئے ان سے زیادہ سے زیادہ مستفیدہونا چاہئے۔اپنی خوشیوں میں غرباء ومساکین کابھی خصوصی خیال رکھنا چاہئے وہ ہمارے تعاون کے مستحق ہیںانہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں متحدہ مجلس عمل کی بحالی خوشگوار ہواکاجھونکاہے۔متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے سیکولر قوتیں خوفزدہ ہوچکی ہیں۔دینی جماعتوں کا اتحاد ملکی سلامتی کا ضامن ہے۔

غریب عوام کو درپیش مسائل کاحل صرف اور صرف ایم ایم اے وجماعت اسلامی کے پاس ہے۔ہم ملک وقوم کو امریکی غلامی نجات دلائیں گے۔ عام انتخابات میں متحدہ مجلس عمل پورے ملک میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ سیکولراور لبرلزطبقے کاراستہ نہ روکاگیاتوملک کے اسلامی تشخص کوشدیدخطرات لاحق ہوجائیں گے۔ لادینی قوتوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے قوم کو اسلام پسند اور محب وطن لوگوں کو آگے لانا ہوگا۔ اسلام امن وآشتی کادین ہے جو ہمیں پیار،محبت اور اخوت کادرس دیتاہے۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے پاکستان میں آج انگریزوں کابنایاہوا نظام لاگو ہے۔جب تک حقیقی معنوں میں ملک میں اسلامی شرعی نظام کے لیے عملی جدوجہد نہیں کی جائے گی اس وقت تک ہم کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات