نگران صوبائی حکومت شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی،ملک خرم شہزاد

میڈیا کا بڑا اہم کردار ہے ،ساتھ لے کر چلیں گے ، نگران وزیر اطلاعات بلوچستان

بدھ 13 جون 2018 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) نگران صوبائی وزیراطلاعات ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی اس سلسلے میں میڈیا کا بڑا اہم کردار ہے جس سے انکار ممکن نہیں ہے نگران حکومت میڈیا کو بھی ساتھ لیکر چلے گی۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنی وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اسٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پرپی ایس عبدالمنان شاہوانی ،اسٹاف افسر محمد خالد، صدیق اکبر ، ظفر کھرل اوردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملک خرم شہزاد نے کہا کہ بلوچستان میں صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جس کیلئے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور صاف و شفاف الیکشن کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں میڈیا کے کردار سے کوئی انکار نہیں کرسکتا نگران صوبائی حکومت میڈیا کو ساتھ لیکر چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان علا. الدین مری نے ہم پر جو ذمہ داری عائد کی ہے اس پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔