دبئی کے مشہور نجی ریسٹورنٹ نے اسلام مخالف ٹوئٹ کرنے والے بھارتی شیف کو نوکری سے برخاست کردیا

امارات میں مقیم بھارتی باشندے اتُل کوچھڑ نے پریانکا چوپڑا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام ہندوں کو 2 ہزار سالوں سے دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے

muhammad ali محمد علی بدھ 13 جون 2018 19:19

دبئی کے مشہور نجی ریسٹورنٹ نے اسلام مخالف ٹوئٹ کرنے والے بھارتی شیف ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جُون 2018ء) دبئی کے مشہور نجی ریسٹورنٹ نے اسلام مخالف ٹوئٹ کرنے والے بھارتی شیف کو نوکری سے برخاست کردیا ہے۔ امارات میں مقیم بھارتی باشندے اتُل کوچھڑ نے پریانکا چوپڑا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام ہندوں کو 2 ہزار سالوں سے دہشت گردی کا نشانہ بنا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ کی جانب سے انگلش سیریز کوانٹیکو کی ایک قسط میں ہندو قوم پرستوں کو دہشت گرد کہنے کے حوالے سے ٹویٹر پر وضاحت پیش کی گئی تھی۔

جس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے دبئی کے مشہور نجی ریسٹورنٹ میں کام کرنے بھارتی شیف اتُل کوچھڑ نے لِکھا تھا ’’بہت افسوس کی بات ہے کہ تم (پریانکا چوپڑا) نے اُن ہندوؤں کے جذبات کا احترام نہیں کیا جو پچھلے دو ہزار سال سے اسلام کے ہاتھوں خوف اور دہشت کا نشانہ بنتے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تمہیں شرم آنی چاہیے۔‘‘ بعد میں کوچھڑ نے یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا اور ایک معذرت خواہانہ بیان درج کیا کہ جذبات کی رو میں اُس سے بہت فاش غلطی ہو گئی تھی۔

اس نے اس بارے میں مزید لِکھا ’’میں اپنے ٹویٹ پر کوئی وضاحت پیش نہیں کروں گا۔ حالانکہ اسلام 1400 سال پہلے وجود میں آیا تھا مگر میں نے غلطی کرتے ہوئے اسے دو ہزار سال پُرانا مذہب قرار دے دیا۔ میں پُورے خلوص کے ساتھ معذرت خواہ ہوں۔ مجھے اسلام سے قطعاً کوئی چِڑ نہیں ہے۔ اور اپنے اُن کمنٹنس پر معذرت کرتا ہوں جن سے کئی لوگوں کے جذبات کے ٹھیس پہنچی ہے۔

‘‘مگر اس معذرت خواہانہ بیان سے پہلے ہی کوچھڑ کو اچھی خاصی تنقید کا نشانہ بنا جا چکا تھا اور ہوٹل انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ کوچھڑ کو نوکری سے فارغ کر دیا جائے۔ جبکہ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے کوچھڑ کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر ہوٹل انتظامیہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔بہت سارے صارفین کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹویٹ کے خلاف احتجاجاً ہوٹل کا بائیکاٹ کر دیں گے۔

ایک شخص نے فیس بُک پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشہور شیف نے اپنا اصل رُوپ ظاہر کر دیا ہے۔ میں اس ہیڈ شیف کا نسل پرستی پر مبنی ٹویٹ پڑھنے کے بعد کبھی اس ہوٹل میں کھانا نہیں کھاؤں گا۔ جبکہ اب اس تمام تنقید اور دباو کے بعد دبئی کے نجی ہوٹل نے اہم فیصلہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد اب دبئی کے نجی ہوٹل نے بھارتی شیف کوچھڑ کو نوکری سے فارغ کردیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے ہوٹل انتظامیہ کے اس فیصلے کو سراہا ہے۔