نگران وزیر اعظم کا حج آپریشنز کو احسن انداز میں یقینی بنانے کیلئے وزارت مذہبی امورکے اب تک کئے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کااظہار

عمررسیدہ اورمعذور عازمین پر خصوصی توجہ دی جائے اورایسے عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے ،ْجسٹس ناصر الملک

بدھ 13 جون 2018 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے حج آپریشنز کو احسن انداز میں یقینی بنانے کیلئے وزارت مذہبی امورکے اب تک کئے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عمررسیدہ اورمعذور عازمین پر خصوصی توجہ دی جائے اورایسے عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے۔

بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک کو وزارت مذہبی امور کے طریقہ ہائے کار بالخصوص حج آپریشنز2018ء کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ وزیراعظم آفس میں ہوئی جس میں وزیر مذہبی امورایم یوسف شیخ، وزیراعظم کے سیکرٹری سہیل عامر، سیکرٹری مذہبی امورخالد مسعودچوہدری، متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری محمد طارق اوردیگر سینئرحکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری مذہبی امورنے وزیراعظم کو وزارت مذہبی امور کے مختلف افعال بشمول حج پالیسی کی تیاری اورعمل درآمد، زیارات وعمرہ، زکواة کی وصولی اورتقسیم، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پالیسی کی تشکیل، متروکہ وقف املاک بورڈ کاانتظام وانصرام، رویت ہلال اورغلطیوں سے مبراء قران کریم اشاعت کویقینی بنانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری نے اجلاس کو حج آپریشنز 2018ء کو احسن انداز میں آگے بڑھانے سے متعلق تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال سرکاری حج سکیم کے تحت 3 لاکھ 74ہزار857 درخواستیںوصول ہوئیں جو حکومتی انتظام میں حج آپریشنز پرعوام کے اعتماد کا مظہرہے۔ وزیراعظم کو بتایاگیا کہ رواں سال 80 برس سے زائد عمر کے افراد اوران کے ساتھ ساتھ صحت مند معاون کیلئے ایک ہزارسیٹیں مختص کی گئی ہیں۔ اسی طرح گزشتہ تین سال یا اس سے زائد قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے 12ہزار235 درخواست گزاروں کو حج کیلئے کامیاب قرار دیا گیاہے۔

وزیراعظم کو عازمین حج کو حج سے قبل تربیت کی فراہمی، نقل وحمل اورعازمین کیلئے رہائشی اوردیگر سہولیات کی فراہمی بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے حج آپریشنز کو احسن انداز میں یقینی بنانے کیلئے وزارت مذہبی امورکے اب تک کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کااظہارکیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عمررسیدہ اورمعذور عازمین پر خصوصی توجہ دی جائے اورایسے عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حج انتظامات کے تمام پہلووں کے حوالے سے جامع فیڈ بیک سے بھرپوراستفادہ کرتے ہوئے مستقبل میں عازمین حج کو سہولتوں کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے ۔