تاجر برادری کا معاشرتی فلاح و ترقی میں اہم کردار ہے،دوست محمد

موجودہ نگران حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنے اور انہیں قانون کے مطابق فوری ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی،نگران وزیراعلی

بدھ 13 جون 2018 21:05

تاجر برادری کا معاشرتی فلاح و ترقی میں اہم کردار ہے،دوست محمد
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس(ر) دوست محمد نے کہا ہے کہ تاجر برادری کا معاشرتی فلاح و ترقی میں اہم کردار ہے موجودہ نگران حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرنے اور انہیں قانون کے مطابق فوری ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی تاہم تاجر برادری سے بھی توقع ہے کہ وہ غریب عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے بطور مومن تعاون کریگی ان خیالات کا اظہار انہوںنے زاہد شنواری کی قیادت میں سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاو ر میں ان سے ملاقات کی کوہاٹ ، مردان، چارسدہ اور صوابی سے چیمبرز کے صدور بھی وفد میں شامل تھے وفد نے نگران وزیراعلیٰ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور صوبائی صنعتی پالیسی پر عمل درآمد سمیت دیگر مطالبات وزیراعلیٰ کے سامنے رکھے وزیراعلیٰ نے ناروا لوڈشیڈنگ کے خاتمے، سوئی گیس کی فراہمی، صنعتی پالیسی پر عمل درآمد، کوہاٹ صنعتی زون کے قیام، پراپرٹی ٹیکس میں اضافے کے مسئلے سمیت دیگر تمام مسائل پر تفصیلی بریفنگ لینے کا عندیہ دیتے ہوئے تاجر برادری کو قانون کے مطابق فوری ریلیف دینے کا یقین دلایا ہے اور امید ظاہر کی کہ جواب میں تاجر برادری بھی نگران حکومت کے عوام دوست اقدامات سے تعاون یقینی بنائے گی نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیکس کولیکشن ایک انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے بد قسمتی سے پاکستان میں آج تک ٹیکس دینے کا کلچر رواج نہیں پا سکا وزیرزعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنی موجودگی میں اس مسئلے کو احسن انداز میں حل کرنا چاہتے ہے جس میں تاجر برادری کا تعاون کلیدی اہمیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ اگر عزم پختہ ہو تو مسائل کا حل موجود ہوتا ہے وسائل پیدا کرنے کا بین الاقوامی فارمولا ٹیکس کولیکشن ہے جاپان کے پاس ٹیکس کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں پھر بھی دنیا کی مارکیٹ پر راج کر رہا ہے کیونکہ وہاں عوام کو معلوم ہوتا ہے کہ ان کے ٹیکس کا پیسہ انہی کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا اسلئے وہ ٹیکس دیتے ہیں اور حکومتی سطح پر ٹیکس میں چوری نہیں ہوتی تو نظام چلتا ہے اسکے مقابلے میں پاکستان کے پاس بے شمار قدرتی وسائل اور چار مختلف موسم ہیں مگر بد قسمتی سے اس ملک کے ساتھ کسی نے اخلاص نہیں کیا اگر ہم 50 فیصد بھی اپنا حق ادا کریں تو تقدیر بدل سکتی ہے اب قومی سطح پر فیصلہ سازی کی ضرورت ہے ہمیں اپنے طرز حیات اور ترجیحات میں تبدیلی لانا پڑیگی بصورت دیگر مسائل بڑھتے جائینگے نگران وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پشاور میں زیر تعمیر بی آر ٹی کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل اور تاجر برادری کو درپیش مشکلات کے تناظر میں متعلقہ حکام کو عید کے ایام میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور بی آر ٹی کی تیز رفتار تکمیل کی ہدایت کی ۔