Live Updates

نگران حکومت کے غیر سیاسی ہونے کا پول کھل گیا

نگراں وزیر داخلہ اعظم خان عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر نکلے،عمران خان فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر بھی اعظم خان کا نام بطور بورڈ ممبر موجودہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 13 جون 2018 19:07

نگران حکومت کے غیر سیاسی ہونے کا پول کھل گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-13 جون 2018ء) :یمنگران حکومت کے غیر سیاسی ہونے کا پول کھل گیا۔ نگراں وزیر داخلہ اعظم خان عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر نکلے،عمران خان فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر بھی اعظم خان کا نام بطور بورڈ ممبر موجودہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سیاسی حکومت اپنے 5سال مکمل کرنے کے بعد 31 مئی کو رخصت ہو چکی ہے جس کے بعد نگران سیٹ اپ نے انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔

اس الیکشن کے بعد ایک بار پھر حکومت سیاسی جماعتوں کو سپرد کر دی جائے گی۔نگران سیٹ اپ کے لیے جب جسٹس ناصر الملک کا نام بطور نگران وزیر اعظم منتخب کیا گیا تو ساری جماعتوں نے اس غیر سیاسی اور غیر متنازعہ نام کو خوش آمدید کہا ۔نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر المک نے نگران وزیر اعظم بنتے ہی جو اہم فیصلہ کیا وہ یہ تھا کہ نگران کابینہ میں کسی بھی سیاسی ہمدردی رکھنے والے شخص کو جگہ نہ دی جائے گی اور نگران کابینہ میں خالصتا کاروباری اور اپنے شعبے کے ماہر بالخصوص سابقہ بیورکریٹس اور جج صاحبان ہوں گے ۔

(جاری ہے)

تاہم موجودہ صورتحال کے مطابق نگران حکومت کے غیر سیاسی ہونے کا پول کھل گیا۔نگران کابینہ کے اہم ترین ممبر کے عمران خان کے ساتھ قریبی مراسم نکلے۔نگراں وزیر داخلہ اعظم خان عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر نکلے،عمران خان فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ پر بھی اعظم خان کا نام بطور بورڈ ممبر موجودہے۔اعظم خان نے11-2010 میں لاہور میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں شرکت بھی کی۔

اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے نگران وزیر داخلہ اعظم خان کا کہنا تھا کہ عمران نے امدادی کارروائیوں کی مہارت پرمجھے فاؤنڈیشن میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔عمران خان فاؤنڈیشن میں رضاکارانہ طورپردکھی لوگوں کی خدمت کی جبکہ 2011 کے بعد عمران خان فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی کسی میٹنگ میں شرکت نہیں کی۔انکا مزید کہنا تھا کہ دیگرخیراتی اداروں میں بھی دکھی انسانیت کیلیے کام کر چکا ہوں۔یاد رہے کہ لوگ عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کے ملک سے روانہ۰ ہونے کو بھی اسی پس منظر میں دیکھ رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات