خیبر پختونخوا پولیس میں آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کا سلسلہ کامیابی سے جاری

بدھ 13 جون 2018 20:44

خیبر پختونخوا پولیس میں آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کا سلسلہ کامیابی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) خیبر پختونخوا پولیس میں آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے ۔خیبر پختونخوا پولیس نے سرکاری ویب سائٹ پر آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کے لیے طریقہ کار یعنی اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) وضع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کی سرکاری ویب سایٹ www.kppolice.gov.pkپر ایف آئی آر کے اندراج کے لئے طریقہ کار وضع کیا گیاہے اس کے مطابق شکایت کنندہ ویب سایٹ پر دستیاب ایف آئی آر کے فارم کوپُر کرکے باقاعدہ طور پر اپنی شکایت کا اندراج کرے گا۔

جونہی آن لائن ایف آئی آر فارم پُر کی جائے گی اس کے ساتھ ہی فوراًً ایف آئی آر کی IDبن جائیگی۔ ایف آئی آر کی تفصیلات میں شکایت کنندہ کے مکمل کوائف اور رابطہ نمبر ہونگے جو بعد میں متعلقہ ایس ایچ اُو /ڈی پی اُو /ریجنل پولیس آفیسر کو ای میل کے ذریعے بھجوائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد متعلقہ ایس ایچ اُو اور شکایت کنندہ ایف آئی آر کے اندراج کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ رکھے گا اور جب ایف آئی آر درج ہو جائیگا تو شکایت کنندہ کو ویب سائٹ ، ای میل ،موبائل یا ٹیلی فون نمبر کے ذریعے مطلع کیا جائیگا۔

اس سلسلے میں اس کے قیام سے لیکر اب تک صوبہ بھر سے 2643 آن لائن ایف آئی آر کا اندراج کیا جاچکا ہے۔ جن میں سی سی پی پشاور میں 1326 ،مردان میں 172 چارسدہ میں 123، نوشہرہ میں 152، صوابی میں 90، سوات میں 49، شانگلہ میں 3، بونیر میں 9، دیر لوئر میں 11 ، دیر آپر میں 9، چترال میں 6، ایبٹ آباد میں 253، ہری پور میں 119، مانسہرہ میں 112، بٹگرام میں 14، کوہاٹ میں 58، کرک میں 46، ہنگو میں 22، بنوں میں 30، لکی مروت میں 7، ڈی آئی خان میں 30 اور ضلع ٹانک میں 2 آن لائن ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا ہے۔

اِن آن لائن درج شدہ ایف آئی آرز میں 126 کیسوں میں فریقین کے مابین تصفیہ کیا گیا۔جبکہ 139 ایف آئی آرز بے بنیاد اور 2154ایف آئی آرز پر قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی۔ ان میں41سول نیچر کے کیسز تھے۔ ایک ڈی آرسی کے ذریعے حل کیا گیا۔44 کیسز زیر غور ہے اور باقاعدہ طور پر مختلف تھانہ جات میں ایف آئی آرز کا اندراج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے اندراج میں کسی دشواری اور مشکل کی صورت میں ٹیلی فون نمبر 091-9223576 یا فیکس نمبر 091-9223575 پر اطلاع دینا ہوگا۔

آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کے سلسلے میں کسی بھی ٹیکینکل سپورٹ ( فنی تعاون) کے لیے محکمہ پولیس کا انفارمیشن ٹیکنالوجی عملہ ذمہ دار اور دستیاب ہوگا۔ خیبر پختونخوا پولیس سربراہ صلاح الدین خان محسودنے عوام سے کہا ہے کہ وہ آن لائن ایف آئی آر کے اندراج کی سہولت سے بھر پور استفادہ کریں۔ تاکہ اچھی پولیسنگ کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔