ایچ ای سی ، کا یو ایس ایڈ، نیشنل بنک آف پاکستان کے درمیان 30 طلباء کو وظائف کی ترسیل کیلئے آن لائن سسٹم کے اجراء کا معاہدہ طے پا گیا

ہفتہ میں وظیفہ کی رقم آن لائن منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا

بدھ 13 جون 2018 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ، یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجنسی فا ر انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ (یو ایس ایڈ) اور نیشنل بنک آف پاکستان (این بی پی )کے درمیان 30پاکستانی جامعات کے یو ایس ایڈ ۔فنڈڈ میرٹ اور نیڈز بیسڈ اسکالرشپ ( ایم این بی ایس پی )حاصل کرنے والے طلباء کو وظائف کی ترسیل کے لیے آن لائن سسٹم کے اجراء کا معاہدہ طے پایا ۔

وظائف کی ترسیل کا یہ آن لائن سسٹم یو ایس ایڈ کے کئی سالہ 36ملین ڈالر کے میرٹ اور نیڈ بیسڈ وظائف کا حصہ ہے اور ایچ ای سی کی کسی بھی وظیفہ اسکیم میں یہ پہلی دفعہ ہوگا کہ آن لائن طریقہ کار کے ذریعے سے طلباء کو وظائف کی تقسیم عمل میںلائی جائے گی۔ اس سسٹم کے تحت30پارٹنر یونیورسٹیوں کی1,470 طلباء کو اے ٹی ایم کارڈز جاری کیے گئے ہیں جن کو اگلے ہفتہ میں وظیفہ کی رقم آن لائن منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ا،یچ ای سی ،ڈاکٹر ارشد علی کا کہنا تھا کہ پارٹنر یونیورسٹیوں میں وظائف کی ترسیل ایک طویل کام تھا جس کی وجہ سے طلباء تک وظائف کی فراہمی میں دیر ہوجایا کرتی تھی ۔ اب وظائف حاصل کرنے والے طلباء کو ان کے بنک اکاؤنٹس میں رقم بروقت منتقل ہو جایا کرے گی ۔ پریذیڈنٹ ، این بی پی، سعید احمد نے ایچ ای سی کی کوششوں کو سراہا کہ کمیشن نے روایتی طریقوں کے بجائے آن لائن وظائف کی ترسیل کے سسٹم کا اجراء کیا ہے تاکہ طلباء کو وظائف بروقت مہیا ہو سکیں۔

انھوں نے کہا کہ نیشنل بنک وظیفہ حاصل کرنے والے طلباء کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ پاکستان میں کہیں بھی آسان اکاؤنٹ کے ذریعے اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں اور وظیفہ کی رقم وصول کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر آفس آف ایجوکیشن ، یو ایس ایڈ کی ایکٹنگ ڈائریکٹر ایریکا رونزفیل نے کہا کہ وظائف کی ترسیل کے آن لائن طریقہ کار کا اجراء ایچ ای سی اور یو ایس ایڈ کی بہت بڑی کامیابی ہے اس کے ذریعے طلباء کو شفاف طریقے سے وظائف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ یو ایس ایڈ ایچ ای سی کے ساتھ اعلی تعلیم کی بہتری کے لیے اسی طرح کام کرتا رہے گا۔ یاد رہے یو ایس ایڈ ایچ ای سی کے ساتھ مل کر 2004سے اعلی تعلیم کی فراہمی کے لیے کوششیں کر رہا ہے ۔ فاٹا،جنوبی پنجاب ، دیہی سندھ اور بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں کے وہ طلباء جو وسائل کی عدم دستیابی کی وجہ سے اپنی تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے تھے ان کو یوایس ایڈ نیڈ بیسڈ وظائف فراہم کیے گئے ہیںاور تاحال 5,300وظائف کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس میں 50%کوٹہ خواتین طلباء کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔ ۔۔۔۔