فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018 کا آغاز کل شاندار تقریب سے ہوگا

تمام انتظامات مکمل ،روسی شہروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، سینکڑوں فن کار اپنے فن سے تقریب کو یادگار بنائیں گے ،سکیورٹی کے سخت انتظامات ورلڈ کپ کے دوران 41 مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی ،میزبان شہروں کے گرد 100 کلومیڑ کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا، آرمی سٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کریگی جرمنی کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی، ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ ٹیمیں شرکت کرینگی،8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا

بدھ 13 جون 2018 18:23

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ ..
ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018 کا آغاز کل جمعرات کو روس میں شاندار تقریب سے ہوگا اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، روسی شہروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، سینکڑوں فن کار اپنے فن سے تقریب کو یادگار بنائیں گے ،سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ورلڈ کپ کے دوران 41 مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی ، میزبان شہروں کے گرد 100 کلومیڑ کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا، آرمی سٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کریگی۔

تفصیلات کے مطابق فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام اکیسواں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2018 کا آغاز (آج) جمعرات کو روس میں شاندار تقریب سے ہوگا اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، روسی شہروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، سینکڑوں فن کار اپنے فن سے تقریب کو یادگار بنائیں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق سیاحوں کے لئے خصوصی میٹرو ٹرینیں چلادی گئیں، ٹکٹ کے حصول کیلئے مقامی شائقین کی لمبی لائنیں لگ گئیں، روسی درالحکومت ماسکو میں ورلڈ کپ کی یاد میں میوزیم قائم کردیا گیا جہاں ٹرافیاں، تاریخ، فٹ بالز، مشہور فٹ بالرز کی شرٹس اور شوز نمائش کے لئے پیش کئے گئے ہیں ،ورلڈکپ کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتہائی سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میدانوں کے آس پاس شراب کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی، کسی بھی شہر میں شائقین کیلئے مختص علاقوں میں میچ سے ایک روز قبل ہی نہ صرف شراب بلکہ شیشے کی بوتل میں کسی بھی مشروب کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، پولیس کسی بھی ملکی یا غیر ملکی کو نشے کی حالت میں پائے جانے پر پکڑ کر خصوصی سیل میں رکھنے کی مجاز ہوگی۔ورلڈ کپ کے دوران 41 مقامات سے پروازوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی۔

میزبان شہروں کے گرد 100 کلومیڑ کی حدود میں ڈرون کیمروں کا استعمال ممنوع ہوگا، آرمی سٹیڈیمز کے اطراف میں جیمرز بھی نصب کرے گی، روس میں پولیس آفیسرز ٹورنامنٹ کے دوران سٹیڈیمز میں تعینات کیے جائینگے تاکہ کھلاڑیوں اور فٹ بال شائقین کی سکیورٹی کو ممکن بنایا جاسکے۔آئس لینڈ اور پانامہ کی ٹیمیں پہلی مرتبہ میگا ایونٹ میں شامل ہیں، میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی روس میں آمد کا سلسلہ برقرار ہے، توقع کی جارہی ہے کہ میگاایونٹ کو دیکھنے کیلئے ہزاروں شائقین روس کا رخ کرینگے۔

جرمنی کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے فٹ بال کے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 32 ٹاپ ٹیمیں شرکت کرینگی جنھیں 8 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ایونٹ میں گروپ ایف میں عالمی چمپئن جرمنی کو رکھا گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی 32ٹیموں میں گروپ اے میں میزبان روس،، سعودی عرب،، مصر اور یوروگوئے شامل ہیں، گروپ بی میں پرتگال، سپین، مراکش اور ایران شامل ہیںِ، گروپ سی میں فرانس،، آسٹریلیا، پیرو اور ڈنمارک شامل ہیں، گروپ ڈی میں ارجنٹائن، آئس لینڈ، کروشیا اور نائیجریا شامل ہی، گروپ ای میں برازیل، سوئٹزرلینڈ، کوسٹاریکا اور سربیا شامل ہیں، گروپ ایف میں دفاعی چمپئن جرمنی،، میکسیکو، سویڈن اور کوریا شامل ہیں، گروپ جی میں بیلجیئم، پانامہ،، تیونس اور انگلینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ ایچ میں پولینڈ، سینیگال، کولمبیا اور جاپان شامل ہیں۔

۔