افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں انٹری ،بھارت کیخلاف پہلا ٹیسٹ (کل)شروع ہوگا

افغانستان کرکٹ کی 140سالہ تاریخ میں ٹیسٹ کھیلنے والا 12واں ملک ہوگا

بدھ 13 جون 2018 18:05

افغانستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں انٹری ،بھارت کیخلاف پہلا ٹیسٹ (کل)شروع ہوگا
بنگلور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) افغانستان(کل) جمعرات کوبنگلورمیں بھارت کے خلاف تاریخی ٹیسٹ کے آغاز سے ٹیسٹ ٹیم کی حیثیت حاصل کرلے گا جوکہ کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ میں ٹیسٹ کھیلنے والا 12واں ملک ہوگا۔آئی سی سی نی2017میں آئرلینڈ اورافغانستان کوٹیسٹ کھیلنے کاحق دیاتھا۔ آئرش ٹیم نے مئی میں پاکستان کے خلاف کھیل کرٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا۔

(جاری ہے)

افغانستان اوربھارت کا تاریخی ٹیسٹ بنگلورکے چناسوامی اسٹیڈیم میں 14سے 18جون تک کھیلا جائے گا۔اصغر اسٹانک زئی اولین ٹیسٹ میں افغان ٹیم کی قیادت کریں گے۔افغان ٹیم میں شامل لیگ اسپنر راشد خان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبرایک اورون ڈے میں نمبردو بولر ہیں۔محمدنبی ٹی ٹوئنٹی میں 8ویں اور ون ڈے میں 16ویں پوزیشن پر ہیں۔بیٹسمین رحمت شاہ بیٹنگ میں 32 ویں نمبر پرفائز ہیں۔افغانستان کااسپین اٹیک ورلڈکلاس ہے۔جس میں مجیب الرحمن بھی شامل ہے۔کپتان اصغر کاکہناہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھناتاریخی موقع ہے۔ورلڈنمبرون ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنا بڑااعزاز ہوگا۔