نائجیریا، دولت مند شخص نے اپنے والد کو 66ہزار پائونڈ مالیت کی نئی بی ایم ڈبلیو کار میں دفن کیا

بدھ 13 جون 2018 17:32

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) نائجیریا کے ایک شخص نے اپنے آنجہانی والد کے تابوت کے لئے 66ہزار پائونڈ مالیت کی نئی بی ایم ڈبلیو کار کا استعمال کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائجیریا میں ایک شخص نے اپنے آنجہانی باپ کو تابوت میں بند کرکے دفن کرنے کے بجائے 66ہزار پائونڈ مالیت کی نئی بی ایم ڈبلیو کار میں دفن کیا۔ دولت مند شخص کا باپ بڑھاپے کی وجہ سے چل بسا تھا۔

یہ بیٹا ہمیشہ ہی اپنے باپ سے کہا کرتا تھا کہ وہ ایک نہ ایک دن انہیں چمچماتی کار تحفے میں دے گا۔ جب وہ دور دراز کے گائو ں میں چل بسا تو بیٹے نے شو روم سے 66ہزار پائونڈ کی کار خریدی اور اسے لیکر گائو ںپہنچا۔ اسکے بعد اس نے گائو ںمیں ہی ہاتھوں سے 6فٹ گہرا گڑھا کھودا اور پھر باپ کو کار میں رکھ کر دفن کردیا لیکن اس سے قبل اس نے گڑھے پر کچھ شہتیر لگوائے تاکہ کار کو آہستہ آہستہ گڑھے میں اتارا جاسکے۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے اس پرتنقید کی ہے اور کہا ہے کہ باپ کو زندگی میں ہی کار دلوانی چاہئے تھی جبکہ فیس بک پر لوگوں نے اس واقعہ پر غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ اس پیسے کا بہتر استعمال ہونا چاہئے تھا۔ ایک شخص کا کہناتھا کہ اگر آپکے والدین زندہ ہیں تو ان کی زندگی میں انہیں تحفہ دیا جائے اور اچھے تابو ت میں دفن کیا جائے۔ یہ سارا عمل احمقانہ ہے۔ 2015 میں ایک ارب پتی نے اپنی ماں کو نئی ہیمرکار میں رکھ کر دفن کیا تھا جبکہ چین میں بھی ایک شخص کو اس کی پسندیدہ گاڑی میںرکھ کر دفن کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :