کراچی میں پیپلز پارٹی کے مدمقابل کوئی جماعت نہیں، سعید غنی

اگر ایم کیو ایم کے دونوں دھڑے ملے تو پھر مقابلہ متحدہ سے ہوگا،میڈیا سے بات چیت

بدھ 13 جون 2018 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں پیپلز پارٹی کے مدمقابل کوئی جماعت نہیں، اگر ایم کیو ایم کے دونوں دھڑے ملے تو پھر مقابلہ متحدہ سے ہوگا۔تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے این اے 244 اور پی ایس 104 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جو منظور کرلئے گئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی کی بڑی جماعت بن کر ابھرے گی، کیونکہ شہر قائد میں پیپلز پارٹی کا کوئی مقابل نہیں ہے، اگر ایم کیو ایم کے دھڑے مل گئے تو پھران سے مقابلہ ہوگا، مگر کامیابی پیپلز پارٹی کو ہی ملے گی۔

سعید غنی نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے دعوے تو ساری سیاسی جماعتیں کرتی ہیں مگر ہمیں عوامی رائے کو دیکھنا ہوگا مقابلہ کس کے درمیان ہے کیونکہ پیپلزپارٹی کو ہر سیاسی مخالف سنجیدہ لے رہا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایم کیوایم جب عروج پر ہوتی ہے تب صوبے کی بات نہیں کرتی نہ ہی اردو بولنے والے وزیر اعلی کی بات کرتی ہیں۔