اسلام آباد ایئر پورٹ میں پانی بھر جانے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل ،2ہفتوں میں رپورٹ طلب

یہ کیسی تعمیر ہے کہ ایئرپوٹ پر پانی بھر گیا‘چیف جسٹس ثاقب نثار /ایئر پورٹ سول ایوی ایشن حکام نے تعمیر کرایا ‘پی آئی اے حکام

بدھ 13 جون 2018 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسلام آباد ایئر پورٹ میں پانی بھر جانے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئی2 ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی ۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پانی بھرجانے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ایئر پورٹ کو کس نے تعمیر کیا، سنا ہے چوہدری منیر نے تعمیر کرایاہے، ایسا نہیں تو ان کا نام بار بار کیوں آ رہا ہے ۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ یہ کیسی تعمیر ہے کہ ایئرپوٹ پر پانی بھر گیا۔پی آئی اے حکام نے بتایا کہ ایئر پورٹ سول ایوی ایشن حکام نے تعمیر کرایا ہے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے کمیٹی سے رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ کمیٹی 300صفحات کی نہیں بلکہ مختصر اور جامع رپورٹ پیش کرے، جس کے بعد کیس کی کارروائی 2ہفتے کیلئے ملتوی کر دی گئی۔