گورنرسندھ محمد زبیر سے نگراں وزیر سعدیہ رضوی کی گورنرہائوس میں ملاقات

صوبہ میں تعلیم و صحت کی مجموعی صورتحال ، عوامی مسائل کے حل اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تبادلہ خیال صوبہ میں تعلیم ، صحت اور خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، گورنرسندھ محمد زبیر

بدھ 13 جون 2018 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے نگراں وزیر برائے صحت ،کالج ایجوکیشن ، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ، بہبود آبادی و ترقی نسواں سعدیہ رضوی نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں 25 جولائی 2018 ء کو ہونے والے عام انتخابات کے شفاف ، منصفانہ اور آزادانہ انعقاد کی اہمیت وضرورت ، عوامی مسائل کے حل ، بنیادی ضروریات کی فراہمی کو تسلسل سے جاری رکھنے اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ تعلیم و صحت سماجی شعبہ کے اہم ترین شعبہ ہیں کیونکہ ان کا عوام کی فلاح و بہبود سے براہ راست تعلق ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ عوام کو ان شعبوں میں سہولیات کی فراہمی بحال رہ سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے ساز گار فضا ، مسائل کے حل اور درپیش مشکلات کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے ، نگراں حکومت عوامی مسائل کے حل اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر تمام وسائل بروئے کار لائے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں تعلیم ، صحت اور خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں نگراں حکومت کا معاملات کو تسلسل سے جاری رکھنے کا عزم خوش آئند ہے ،نئی حکومت کے قیام تک مسائل میں کمی سے عوام کو جمہوریت کے بہتر ثمرات منتقل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات قومی تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہیں جس میں عوام اپنے پسند کے نمائندوں کا چنائو کریں گے تاکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلایا جا سکے ، اقتدار کی پر امن انداز میں منتقلی او ر عام انتخابات کے انعقاد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ پاکستان ایک جمہوری نظریہ ، سوچ اور وژن کی حامل ریاست ہے جہاں پر عوامی امنگوں کے مطابق ریاستی امور نمٹائے جا تے ہیں لیکن ہمیں معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لئے ضروری اقدامات اٹھانا چاہئے تاکہ بانی پاکستان کے آئیڈیل ریاست کے خدوخال کو تشکیل دیا جا سکے ۔

ملاقات میں نگراں وزیر سعدیہ رضوی نے گورنرسندھ کو نگراں حکومت کے قیام سے اب تک اٹھائے گئے اقدامات ، عوامی مسائل کے حل اور اہمیت کے حامل دیگر امور سے تفصیلی آگاہ کیا ۔