وزارت داخلہ کی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے ،ْملی مسلم لیگ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پارٹی کی رجسٹریشن نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے ،ْ ترجمان تابش قیو م

بدھ 13 جون 2018 16:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) ملی مسلم لیگ نے وزارت داخلہ کی الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پیش کردہ رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پارٹی کی رجسٹریشن نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق درخواست ایک مرتبہ پھر مسترد کردی ۔

الیکشن کمیشن کے رجسٹریشن کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے پر ملی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے ایک جاری بیان میں شدید تحفظات کا اظہار کیا۔انہوںنے کہاکہ حکومتی ذمہ داران محض بیرونی آقائوں کی خوشنودی کے لیے غیر قانونی اور غیر آئینی حرکتوں کا ارتکاب کر رہے ہیں اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ ملی مسلم لیگ الیکشن کمیشن کے حالیہ فیصلے کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان ملی مسلم لیگ نے کہا کہ حکومت، بھارتی دبائوپر ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے اور اسی سبب الیکشن کمیشن حکام جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عدالتی احکامات بھی تسلیم نہیں کر رہا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملی مسلم لیگ ایک پرامن سیاسی جماعت ہے جو آئین اور قانون کے مطابق اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کا حق رکھتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود رجسٹریشن نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے جبکہ انہوں نے وزارت داخلہ کی الیکشن کمیشن میں پیش کردہ رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حکومت آج تک ملی مسلم لیگ کے عہدیداران کے خلاف کوئی ایسا جواز پیش نہیں کر سکی جس کی بنا پر رجسٹریشن روکی جاسکتی ہو ،ْیہی وجہ ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو رجسٹریشن سے متعلق واضح ہدایات جاری کی تھیں جن پر عمل نہیں کیا گیا۔تابش قیوم نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن نہ کر کے لاکھوں پاکستانی شہریوں کو ان کے بنیادی حق کے استعمال سے محروم رکھا جارہا ہے۔