عراق، وزیر اعظم نے پارلیمانی انتخابات کے دوبارہ انعقاد کی مخالفت کردی

سیاسی عمل کو سبوتاژ کرنے والے کو سخت سزا دی جائیگی، دوبارہ رائے دہی کا فیصلہ عدالت عالیہ کر سکتی ہے، حیدر العبادی

بدھ 13 جون 2018 16:19

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے ملک میں پارلیمانی انتخابات کے دوبارہ انعقاد کی مخالفت کردی ،کوئی بھی سیاسی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرے گا اس کو سزا دی جائے گی،عدالت عالیہ ہی پارلیمانی انتخابات کے لیے دوبارہ رائے دہی کا فیصلہ کرسکتی ہے۔غیر ملکی ذرائع کے مطابق عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے ملک میں پارلیمانی انتخابات کے دوبارہ انعقاد کی مخالفت کردی ہے اور خبردار کیا ہے کہ جو کوئی بھی سیاسی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرے گا اس کو سزا دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

حیدر العباد ی نے گزشتہ روز ایک اخباری کانفرنس میں کہا ہے کہ صرف عدالت عالیہ ہی پارلیمانی انتخابات کے لیے دوبارہ رائے دہی کا فیصلہ کرسکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ معاملہ اب عدلیہ کے ہاتھ ہے جبکہ حکومت اور پارلیمان کے پاس انتخابات کو منسوخ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔حیدر العبادی نے کہا کہ بیلٹ بکسوں کو جان بوجھ کر آگ لگائی گئی تھی اور اب اٹارنی جنرل سیاسی عمل کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کے خلاف فردِ الزام عائد کریں گے۔ واضح رہے کہ عدلیہ نے بیلٹ بکسوں کے گودام کو آگ لگانے کے الزام میں چار افراد کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جن میں تین پولیس اہلکار اور ایک آزاد اعلی انتخابی کمیشن کا رکن ہے ۔