وفاق اور صوبوں میں قومی ورثہ پر اشتراک عمل کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے، وفاقی وزیر اطلاعات

کمیٹی اٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان تکنیکی اور انتظامی نوعیت کی رکاوٹیں دور کرنے میں کردار ادا کرے گی ،بیرسٹر سید علی ظفر کی قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے دورہ پر اجلاس میں ہدایت

بدھ 13 جون 2018 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات ،نشریات ،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے ہدایت کی ہے کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان قومی ورثہ سے متعلق اہم امور میں اشتراک عمل یقینی بنانے کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے جو اٹھارویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وفاق اور صوبوں کے درمیان پیش آنے والی تکنیکی اور انتظامی نوعیت کی رکاوٹوں کو دور کرنے میں کردار ادا کرے۔

یہ ہدایات انہوں نے بدھ کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے دورے کے موقع پر منعقدہ بریفنگ کے دوران جاری کیں۔ وفاقی وزیر بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ لائبریریوں، عجائب گھروں، قومی ورثہ سے متعلق اہم تاریخی مقامات اور نوادرات سے متعلقہ امور میں وفاق اور صوبوں میں اشتراک عمل کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کوآرڈینیشن کا موثر عمل موجود ہونا ناگزیر ہے تاکہ وہ تمام رکاوٹیں اور مشکلات دور ہوں جن کا وفاق اور صوبوں کی سطح پر اداروں کو سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بین الاقوامی ڈونرز کو بھی مشکلات درپیش آتی ہیں۔

نگراں وزیر اطلاعات نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کو اہداف کے واضح تعین کے ساتھ منصوبہ جات کی تشکیل کا ورکنگ پیپر تیار کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان قدیم ترین تہذیبوں کا مرکز ہے۔ ہماری سرزمین دنیا کے بہترین تاریخی مقامات اور نوادرات سے مالا مال ہے جس کے ذریعے دنیا کو پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ دکھایا جاسکتا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے قومی ورثہ کو دنیا کے ساتھ بانٹیں۔ انہوں نے روات میں مغلیہ دور کے قلعہ روہتاس کی تعمیروتزئین کے کام کو سراہتے ہوئے کہاکہ کام کے اعلی معیار کو یقینی بنایاجائے۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ اللہ تعالی نے ہمیں جو موقع عطا فرمایا ہے ، اس دوران قومی جذبے اور مستعدی سے کام کریں گے اور مختصر وقت میں بہترین کام کرکے ایک اچھی مثال قائم کریں گے۔

انہوں نے قومی تاریخ وادبی ورثہ کی مجموعی کاوشوں اور اب تک کے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق نے ڈویژن اور اس کے ماتحت اداروں کے امور، اب تک کی کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن کے علاوہ ادارہ فروغ قومی زبان کے سربراہ افتخار عارف، نیشنل بک فانڈیشن (این بی ایف) کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید ، قومی تاریخ وادبی ورثہ اور اس کے ماتحت اداروں کے اعلی افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے وزیراطلاعات بیرسٹر سید علی ظفر کو ڈویژن کی جانب سے پاکستانی تہذیبوں اور تاریخی مقامات کے بارے میں شائع کردہ کتب بھی پیش کیں۔ قبل ازیں وفاقی سیکریٹری انجینئر عامر حسن نے وفاقی وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر کی قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن آمد پران کا استقبال کیا اور ڈویژن اور اس کے ماتحت اداروں کے سربراہان سے ان کا تعارف کرایا۔