Live Updates

انتخابات 2018، 2 ہزار368 امیدوار مختلف محکموں کے نادہندہ نکلے

پرویزخٹک 10 کروڑ65 لاکھ، اے این پی کے غلام احمد بلور 14 کروڑ 86 لاکھ، ن لیگ کی تہمینہ دولتانہ 10 لاکھ 57 ہزار، این اے اٹھارہ سے حاجی دلدار خان 17 کروڑ، تحریک انصاف کے راجا راشد حفیظ 74 لاکھ، سمیع حسن گیلانی 79 لاکھ روپے کے نادہندہ نکلے

بدھ 13 جون 2018 16:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) ملک بھر میں انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ، 2 ہزار 368 امیدوار مختلف محکموں کے نادہندہ نکلے ہیں،حنا ربانی کھر، فیصل واڈا، اسد اللہ بھٹو، میاں منظوروٹو،عبدالستار بچانی ، پرویزخٹک 10 کروڑ65 لاکھ، اے این پی کے غلام احمد بلور 14 کروڑ 86 لاکھ، ن لیگ کی تہمینہ دولتانہ 10 لاکھ 57 ہزار، این اے اٹھارہ سے حاجی دلدار خان 17 کروڑ، تحریک انصاف کے راجا راشد حفیظ 74 لاکھ، سمیع حسن گیلانی 79 لاکھ روپے کے نادہندہ نکلے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک، پی ٹی سی ایل اورایس این جی پی ایل نے نادہندہ امیدواروں کی فہرستیں الیکشن کمیشن کو بھجوانا شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

تینوں سرکاری اداروں کی طرف سے اب تک 2 ہزار368 نادہندہ امیدواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کومل چکی ہیں، الیکشن کمیشن نے متعلقہ تفصیلات ریٹرننگ افسران کو بھیج دی ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے حنا ربانی کھر، فیصل واڈا، اسد اللہ بھٹو، میاں منظوروٹواورعبدالستار بچانی کوبینکوں کا ڈیفالٹرقراردیا ہے۔ قانون کے مطابق 20 لاکھ روپے سے زائد کا مقروض الیکشن نہیں لڑسکتا۔ اسی طرح پی ٹی سی ایل کی طرف سے 2 ہزارامیدواروں کوڈیفالٹرقراردیا گیا۔ ان میں مراد سعید، فیصل کریم کنڈی، عبدالعلیم خان، منظوروٹو، رانا مشہود، یاسمین راشد، عظمی بخاری، بلال یاسین، سرفرازبگٹی، رانا تنویر، رانا افضال، میرظفراللہ جمالی، گلوکارجواد احمد ،حنیف عباسی اوراعجازچوہدری شامل ہیں۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنزلمیٹڈ نے 268 ڈیفالٹرامیدواروں کی تفصیل الیکشن کمیشن کو بھجوائی ہے۔ قانون کے مطابق 10 ہزارروپے سے زائد کا نادہندہ الیکشن نہیں لڑسکتا۔ تحریک انصاف کے پرویزخٹک 10 کروڑ65 لاکھ، اے این پی کے غلام احمد بلور 14 کروڑ 86 لاکھ، ن لیگ کی تہمینہ دولتانہ 10 لاکھ 57 ہزار، این اے اٹھارہ سے حاجی دلدار خان 17 کروڑ، تحریک انصاف کے راجا راشد حفیظ 74 لاکھ، سمیع حسن گیلانی 79 لاکھ روپے کے نادہندہ نکلے جب کہ پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید ،حامد سعید کاظمی،غلام رسول کوریجا اور دیگر بھی نادہندہ ہیں۔

الیکشن کمیشن کو اسٹیٹ بینک کی طرف سے باقی ڈیفالٹرزکے نام بھی جلد مل جائیں گے جبکہ دہری شہریت کے متعلق امیدواروں کی تفصیل ایف آئی اے آج شام تک پہنچا دے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات