فیصل آباد چیمبر آف کامرس کا ڈالر کاملکی تا ریخ کی بلندترین سطح پرپہنچنے پرشدیدتشویش کااظہار

بدھ 13 جون 2018 15:24

فیصل آباد چیمبر آف کامرس کا ڈالر کاملکی تا ریخ کی بلندترین سطح پرپہنچنے ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) ڈالر کاملکی تا ریخ کی بلندترین سطح پرپہنچنے پرشدیدتشویش کااظہاراور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کو مستردکرتے ہوئے فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ا یگزیکٹو ممبر و چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کسٹم انیڈ ڈرائی پورٹ حاجی محمد اصغر ،جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاںدیگرنے کہاہے کہ کہاہے کہ نگران حکومت نے بھی آتے ساتھ ہی عوام پر پٹرول بم گرادیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،اس اقدام سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیاجائے۔انہوں نے کہا کہ ڈالرکا121.50روپے تک پہنچنا اور روپے کی بے قدری سے تنخواہوں اورپنشن میں اضافہ غیر موثر ہوکررہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر10ارب ڈالر کے رہ گئے ہیں جوکہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کامظہر ہے۔ڈالر کی قیمت میں اضافے سے قرضوں کابوجھ450ارب تک جاپہنچا ہے۔

روپے کی بے قدری ملک میں مہنگائی کے طوفان کاپیش خیمہ ہے جوعوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔نگران حکومت 22کروڑ عوام کااحساس کرے ،اگر وہ عوام کے لیے آسانیاں پیدانہیں کرسکتی تو مسائل میں اضافے کاباعث بھی نہ بنے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے معاشی لحاظ سے پاکستان کو ایشیا کاکمزور ترین ملک بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔چین،بھارت،بنگلہ دیش معاشی لحاظ سے دن بدن مضبوط سے مضبوط ترہوتے جارہے ہیں جبکہ پاکستان میں آئے روزمعیشت دگرگوں اور ڈگمگاتی کشتی کی مانند نظر آتی ہے جس کو مصنوعی سہارا دینے کے لیے قرض پہ قرض لیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنانے سے بہترہے کہ حکومت فی لیٹرمنافع کم کرے تاکہ عوام کو ریلیف میسر ہو۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی جانب سے موبائل فون کارڈز پرٹیکس کٹوتی کومعطل کرنا قابل تحسین اقدام ہے،اس پر عمل درآمدبھی کروایاجائے۔حکومت عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ٹیکسوں کی بھرمار نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔جب تک بڑے مگرمچھوں کو ٹیکس کے نظام میں نہیں لایاجائے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔حکومت اداروں میں موجودان کالی بھیڑوں کا محاسبہ کرے جوان مگرمچھوں کوقانون میں موجود سقم اور دیگرخامیوں سے فائدہ اٹھانے کی راہ دکھاتے ہیں۔