لاہور: گرین ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے 2 مزدور جاں بحق، 3 زخمی

جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ضلع اوکاڑہ سے ہے

بدھ 13 جون 2018 15:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں زیرِ تعمیر بلڈنگ کا لینٹر ڈالتے ہوئے تعمیراتی مشین بجلی کے تاروں سے چھو جانے سے کرنٹ لگنے کے نتیجے میں 2 مزدور جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ گرین ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک عمارت کی تعمیر جاری تھی کہ لینٹر ڈالتے ہوئے تعمیراتی مشین بجلی کے تاروں سے ٹکرا گئی۔جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 2 مزدور موقع پر جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔واقعے کے زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں غلام رسول اور اللہ دتہ شامل ہیں جو ضلع اوکاڑہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔