شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا

چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کے صوبائی دفاتر میں بھی اجلاس ہونگے

بدھ 13 جون 2018 14:57

شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل ہو گا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں ہوگا، چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کے صوبائی دفاتر میں بھی اجلاس ہونگے ۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بعد نماز عصر محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔

چاند کی شہادت دینے کے لیے عوام ان نمبروں 03009285203، 02199261403، 02199261404 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے صوبائی دفاتر میں بھی اجلاس ہونگے جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں سے متعلق مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 29 رمضان المبارک کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش 14 جون کو رات 12 بجے کے قریب ہوگی، 14 جون کی شام تک چاند کی عمر 19 گھنٹے تین منٹ ہوگی اور غروب آفتاب کے بعد 39 منٹ تک چاند نظر آنے کا وقت ہے۔عبدالرشید نے بتایا کہ 14 جون کو مطلع کبھی صاف اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور کراچی میں چاند کی عمر 19 گھنٹے 23 منٹ ہوگی لہذا 29 رمضان کو چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔