ڈوپنگ کے سبب سیرا ایرانی کی سزا میں 8ماہ کی توسیع ،

مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ْمیں نے اپنی پوری زندگی کھیل کو دی ،اس بدترین سلوک کی مستحق ہرگز نہیں ہوں ، سیرا کی گفتگو

بدھ 13 جون 2018 14:55

لوزان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جون2018ء) کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت(سی اے ایس)نے ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کے باعث اٹالین ٹینس اسٹار سیرا ایرانی کی معطلی کی سزا 2 سے بڑھا کر 10 ماہ کر دی جس سے ان کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔گزشتہ سال فروری میں سیرا ایرانی کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جہاں وہ ممنوعہ دوا لیٹروزول استعمال کرنے کی مرتکب ٹھہری تھیں۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ابتدائی طور پر ان پر دو ماہ کی پابندی عائد کی تھی جس پر اٹالین ٹینس فیڈریشن نے کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں ان کی سزا بڑھانے کی اپیل کی تھی تاہم دوسری جانب سیرا ایرانی نے بھی سزا ختم کرنے کی اپیل کی تھی۔کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے سیرا کی معطلی کی سزا بڑھا کر 10ماہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں یہ دوا سیرانی کی والدہ استعمال کرتی ہیں تاہم تھوڑی غلطی سیرا کی بھی ہے جس کی وجہ سے ان کی سزا 2سے بڑھا کر 10ماہ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سیرا نے اپنے بیان میں کہا کہ سی اے ایس کی جانب سے سزا میں اضافے سے انہیں بے حد مایوسی ہوئی اور انہوں نے اسے اپنے ساتھ غیر منصفانہ سلوک قرار دیا۔جس وقت سیرا پر پابندی عائد کی گئی تھی ان کی عالمی رینکنگ 4 تھی اور اس وقت وہ عالمی درجہ بندی میں 72ویں نمبر پو موجود ہیں اور اس کی وجہ سے ان کے عالمی ٹینس میں مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

2012کے فرنچ اوپن کا فائنل کھیلنے والی اسٹار نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی اس کھیل کو دی اور میں اس بدترین سلوک کی مستحق ہرگز نہیں ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں نے پابندی اور دوبارہ کھیل شروع کرنے کے دوران 7ماہ کی پابندی بھگتی اور دوبارہ 280ویں عالمی رینکنگ سے کھیل کا آغاز کیا اور اب مجھ پر دوبارہ 8ماہ کی اضافی پابندی عائد کردی گئی ہے جو بالکل عقل سے بالاتر ہے۔

متعلقہ عنوان :