Live Updates

الیکشن 2018: بنوں کی 97 سالہ خاتون کی عمران خان سے مقابلے کی خواہش ادھوری

فیس کے پیسے کم ہونے پر ان کے کاغذات نامزدگی جمع نہ ہوسکے ،ْ97 سالہ حضرت بی بی، عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑنا چاہتی تھیں

بدھ 13 جون 2018 13:49

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 بنوں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کی خواہش مند 97 سالہ معمر خاتون مقابلے سے محروم ہوگئیں اور فیس کے پیسے کم ہونے پر ان کے کاغذات نامزدگی جمع نہ ہوسکے۔ضلع بنوں کے علاقے ممباتی بارکزئی سے تعلق رکھنے والی 97 سالہ معمر خاتون حضرت بی بی حلقہ این اے 35 سے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑنا چاہتی تھیں تاہم کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے درکار فیس میں کچھ پیسے کم پڑنے سے ان کے کاغذات جمع نہ ہوئے۔

اس حوالے سے حضرت بی بی نے کہا کہ غریب طبقے کے لیے الیکشن لڑنا بہت مشکل کردیا گیا ہے۔حضرت بی بی اس سے پہلے بھی 5 مرتبہ الیکشن میں حصہ لے چکی ہیں تاہم انہیں کبھی کامیابی نہیں ملی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ عمران خان نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کیلئے کراچی، لاہور، اسلام آباد، میانوالی اور بنوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔لاہور سے عمران خان کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کریں گے ،ْ کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست پر ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا سے ہوگا۔

بنوں سے عمران خان کے مقابلے پر حضرت بی بی میدان میں آئی تھیں تاہم ان کے کاغذات نامزدگی جمع نہ ہوسکے۔این اے 35 سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی بھی عمران خان کے مدمقابل ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات