باجوڑ‘پاک فوج کی جانب سے درجنوں مستحق دیہاتی افراد میں سلائی مشینیں اور اعلیٰ نسل کی بکریاں تقسیم

علاقے میں مسجد کی تعمیر کیلئے چارلاکھ روپے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان

بدھ 13 جون 2018 12:43

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) پاک فوج 172ونگ کی جانب سے باجوڑ کے پاک افغان سرحدی علاقے پر واقع سلارزئی قبائل کے مستحق دیہاتی افراد میں سلائی مشینیں اور اعلیٰ نسل کی بکریاں مفت تقسیم کی گئیں۔علاقے میں مسجد کی تعمیر کیلئے چارلاکھ روپے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب پاک افغان سرحد پر واقع چاچاگئی اور لیٹئی میں منعقد ہوئی ۔

جس میں سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈئیر عامر کیانی ، کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس کرنل رحمان قادر ، پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑ انجینئر عامر خٹک ، ونگ کمانڈر 172ونگ کرنل نوید ، میجر بابر ، قبائلی عمائدین ،مستحق افراد اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر نارتھ بریگیڈئیر عامر کیانی ، کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل رحمان قادر نے کہا کہ سلارزئی کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں قابلیت کی کوئی کمی نہیں ،نامساعد حالات اور مناسب موقعوں کے عدم فراہمی کے باوجود بھی انہوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اس نظریے کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فوج اور ایف سی نے ہمیشہ کوشش ہے کہ دورافتادہ علاقوں کے لوگوں کوروزگار کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے خاندانوں کیلئے باعزت روزی کماسکیں۔

انھوں نے کہا کہ سلائی مشینوں اور اعلیٰ نسل کی بکریوں کی تقسیم کے انتخاب میں یہ بات خاص طور پر مدنظر رکھی گئی تھی کہ دیہاتی لوگوں کوباعزت روزگار فراہم کیاجائے۔انھوں نے کہا کہ پاک فوج سرحدی علاقے کے لوگوں کی بھرپور تعاون کاشکرگزار ہے اور سلارزی کے سرحدی علاقوں کے عوام کی قربانیوں پر پاک فوج کو فخر ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قبائلی عمائدین ملک خان فروش ، ملک شہاب الدین ، ملک نیاز او ردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی اپنے ملک کا بھرپور دفاع کیاہے اور آئندہ بھی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور کسی تخریب کار کو برداشت نہیں کرینگے ۔

تقریب کے آخر میں درجنوں مستحق دیہاتی افراد میں سلائی مشینیں اور اعلیٰ نسل کی بکریاں تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر بریگیڈئیر عامر کیانی نے علاقے میں مسجد کی تعمیر کیلئے چارلاکھ روپے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔