سات سال سے آل اسد کے مرکز کی محافظ ملیشیا کی ذمہ داری ختم

شام کی حکمراں جماعت بعث پارٹی نے’ ’ سرایا العرین 313۔ محافظ بریگیڈ‘‘ کے نام سے قائم ملیشیا کو بڑے اعزاز واکرام کے ساتھ رخصت کیا ملیشیا بشارالاسد خاندان اور انکے قبیلے کی حفاظت پر مامور تھی جو 2011ء میں قائم کی تھی‘ القرادحہ اور اطراف کے علاقوں کے افراد کو شامل کیا گیا

بدھ 13 جون 2018 11:30

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) شامی رجیم نے اللاذقیہ گورنری میں واقع آل اسد کے گڑھ سمجھے جانے والے ’القرادحہ‘ شہر کی حفاظت پر سات سال سے مامور ملیشیا سے سیکیورٹی کی ذمہ داری واپس لے لی ہے۔ شام کی حکمراں جماعت بعث پارٹی نے’ ’ سرایا العرین 313۔ محافظ بریگیڈ‘‘ کے نام سے قائم ملیشیا کو بڑے اعزاز واکرام کے ساتھ رخصت کیا۔

مذکورہ ملیشیا گذشتہ سات سال سے القرادحہ میں آل اسد کی سیکیورٹی کی ذمہ داری انجام دیتی چلی آ رہی تھی۔بعث پارٹی کے ایک عہدیدار سمیح عدرہ نے دو روز قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ ایک بیان میں بتایا کہ القرادحہ میں آل اسد کی سیکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام دینے والی ملیشیا کی ذمہ داریاں ختم کردی گئی ہیں۔تاہم انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ’ ’سرایا العرین 313‘ ‘کے ساتھ سیکیورٹی سے متعلق معاہدے کی تجدید ہوسکتی ہے،اگر معاہدے کی تجدید نہیں بھی ہوتی تب بھی وہ ملیشیا کے رہنماؤں کے شکر گذار ہیں۔

(جاری ہے)

عدرہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اللاذقیہ کی سیاسی قیادت سے بات کی ہے۔ القرادحہ کے تمام باشندے سرایا العرین کی کئی سال تک سیکیورٹی کی خدمات پر شکر گذار ہیں۔ اس پورے عرصے کے دوران بارود سے بھری کوئی گاڑی القرادحہ میں داخل نہیں ہوئی۔ ملیشیا کے تمام عناصر نے بہترین محافظ اور مجاھد کا کردار ادا کیا اور القرادحہ کو ہرطرح کی دہشت گردی سے بچائے رکھا ہے۔

خیال رہے کہ ’’سرایا العرین313‘‘ نامی ملیشیا جو بشارالاسد خاندان اور ان کے قبیلے کی حفاظت پر مامور تھی 2011ء میں قائم کی تھی اور اس میں القرادحہ اور اطراف کے علاقوں کے افراد کو شامل کیا گیا۔ ان میں بیشتر سابق فوجی شامل تھے، جن میں بعض مختلف جرائم میں ملوث ہونے کی وجہ سے عدالتوں کو مطلوب تھے مگر اس ملیشیا میں شامل ہونے کے بعد انہیں تحفظ مل گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :