حیدر آباد: عید الفطر پر زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون

موٹروے پولیس نی900سے زائد مسافر گاڑیوں پر جرمانہ عائد کرکے زائد وصول کیا گیا ساڑھے چار لاکھ روپے کرایہ مسافروں کو واپس کروادیا

منگل 12 جون 2018 21:26

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) موٹروے پولیس نے عید الفطر کے موقع پرزائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون شروع کرکے 900سے زائد مسافر گاڑیوں پر جرمانہ عائد کرکے زائد وصول کیا گیاساڑھے چار لاکھ روپے کرایہ مسافروں کو واپس کروادیا جبکہ سپرہائی وے اورنیشنل ہائی وے پرچھتوں پرمسافرسوار کرکے سفر کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کاروائی شروع کردی گئی ہے ، موٹروے پولیس سیکٹر تھری کے ترجمان نعیم صدیقی کے مطابق انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس امجد جاوید سلیمی کی ہدایت پر موٹروے پولیس این فائیو ساوّتھ سیکٹر تھری کی بیٹ لیاری ایکسپریس وے، بیٹ 35 کراچی، بیٹ 34 نوری آباد،بیٹ 33 جامشورو اور بیٹ 32 مٹیاری میں 8 جون سے مسافروں سے زیادہ کرایہ لینے والی اور چھتوں پر مسافروں کو سوار کرانے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے اور چار روز کے دوران مجموعی طور پر اب تک 290 وینز اور 700 بسوں کے خلاف کاروائی کرکے ایک لاکھ 80ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 2500 مسافروں سے زائد کرایہ کی مد میں وصول کئے گئے تقریبا چار لاکھ پچاس ہزار روپے واپس کروائے گئے،اس حوالے سے ایس ایس پی موٹروے پولیس سیکٹر تھری کرم اللہ سومرو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موٹروے پولیس کی جانب سے یہ کاروائی عید کے بعد تک جاری رہے گی ،انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ زائد کرایہ لینے اور گاڑیوں کی چھتوں پر مسافروں کو سوار کرانے والی پبلک سروس گاڑیوں کی شکایت موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر کرسکتے ہیں اور اسکے علاوہ مسافروں کی مدد کے لئے سیکٹر تھری جامشورو میں ٹول پلازہ لیاری ایکسپریس وے ،ٹول پلازہ کراچی ،ٹول پلازہ حیدرآباد اور بریفنگ پوائنٹ پر موجود افسران کو بھی شکایت کر سکتے ہیں اور موٹروے پولیس کے افسران دن رات عوام کی خدمت کرنے کیلئے ایم نائن اور نیشنل ہائی وے پر موجود ہیں،ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بس یامسافرگاڑی کی چھت پرسوار مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ سپرہائی وے اورنیشنل ہائی وے پرچھتوں پرمسافرسوار کرکے سفر کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے مسافروں کی شکایت پرایسی مسافرگاڑیوں کے ڈرائیورز کے خلاف بھی کاروائی کرتے ہوئے زائد وصول کیا گیا کرایہ مسافروں کوواپس دلوایا جائے گا۔