نواز شریف کا وکیل پاناما ریفرنسز کی پیروی سے دستبردار ہو کر تاخیری حربے استعمال کر رہا ہی ،صاحبزادہ حامد رضا

نواز شریف کے پاس اپنے دفاع کے لئے کچھ نہیں ہے۔ ملک تیس سال سے شریف خاندان کی چراگاہ بنا ہوا ہے۔ نواز شریف کا بیانیہ ملک کمزور کرنے والا ہے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان

منگل 12 جون 2018 21:25

نواز شریف کا وکیل پاناما ریفرنسز کی پیروی سے دستبردار ہو کر تاخیری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کا وکیل پاناما ریفرنسز کی پیروی سے دستبردار ہو کر تاخیری حربے استعمال کر رہا ہے۔ نواز شریف کے پاس اپنے دفاع کے لئے کچھ نہیں ہے۔ ملک تیس سال سے شریف خاندان کی چراگاہ بنا ہوا ہے۔

نواز شریف کا بیانیہ ملک کمزور کرنے والا ہے۔ 25 جولائی ختم نبوت کے غداروں کی شکست اور غلامان رسول کی فتح کا دن ثابت ہو گا۔ تاریخی انتخابی معرکے کے لئے کمر کس لی ہے۔ پاناما کیس کے بعد شیر بکری بن چکا ہے۔ نواز شریف کا دور حکومت جمہوریت کی بجائے شخصی حکمرانی کی علامت بنا رہا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے پانچ سالوں کے دوران عوام کو دھوکوں اور دھکوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ نگران وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے چہیتے سرکاری افسروں کو تبدیل کریں۔ ن لیگ اپنے دور اقتدار میں عوام کی محرومیاں کم نہیں کر سکی۔ الیکشن میں سدا بہار حکمران خاندان کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی۔ سیاست کو مہنگا کرنے کے مجرم شریف برادران ہیں۔ ن لیگ چھانگا مانگا سیاست کی علمبردار ہے۔ختم نبوت کے غداروں کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ ملک پر معاشی بحران مسلط کرنے والے آل شریف کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ این ای110اور 106سے مقابلہ کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے۔