پشاور، تجارتی مراکز اور دیگر مقامات پر خواتین سے موبائل و پرس چھننے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، موبائل ، نقدی اوردیگر سامان بر آمد

ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق ، ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ اور ایس ایچ او فقیر آبادکو بہترین کارکردگی پر توصیفی اسناد دینے کا اعلان

منگل 12 جون 2018 21:24

پشاور، تجارتی مراکز اور دیگر مقامات پر خواتین سے موبائل و پرس چھننے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے تجارتی مراکز اور دیگر مقامات پر خواتین سے موبائل و پرس چھننے والے گروہ کو گرفتار کرکے موبائل ، نقدی اوردیگر سامان بر آمد کر لیا۔ گرفتار ملزموں نے ابتدائی تفتیش کے دوران کئی وارداتوں کا اعتراف کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات تھانہ فقیر آباد کی حدود گورنمنٹ کالج چوک اوور ہیڈ پل پر نامعلو م موٹر سائیکل سواروں نے رکشہ میں سوار خاتون سے اسلحہ کی نوک پرقیمتی موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ جس پر ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ نے ایس ایچ او تھانہ فقیر آباد نور حیدر کو فوری طور پر علاقہ میں موجود تمام پولیس موبائل اور رائیڈرز سکواڈ کو چوکس کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

(جاری ہے)

جنہوں نے ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے بمقام ظہیر آباد علاقہ تھانہ فقیر آباد دونوں مسلح ملزمان کو قابوکرکے ان کے قبضے سے چھینی گئی موبائل فون اورنقد رقم جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ از قسم دو عدد پستول اور موٹر سائیکل نمبری LB-5723بھی بر آمد کرلیا۔ ملزمان کو فوری طور پر تھانہ فقیر آباد منتقل کرکے انکے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج رجسٹر کر لیا گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے بروقت کامیاب کارروائی کرنے اور متأثرہ خاتون کی داد رسی کرنے پر ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق ، ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر داوڑ اور ایس ایچ او فقیر آباد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توصیفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔