تین حکمرانوں کی طرح بالی وڈ میں سال کے تین دن تین تہوار عید، دیوالی اور کرسمس پورے سال پر بھاری رہی

منگل 12 جون 2018 20:50

تین حکمرانوں کی طرح بالی وڈ میں سال کے تین دن تین تہوار عید، دیوالی ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) بالی وڈ کے حکمران تین خان ہیں اور یہ حکمرانی کوئی آج کل کی کہانی نہیں 30 سال کی داستان ہے۔ تین حکمرانوں کی طرح بالی وڈ میں سال کے تین دن تین تہوار عید، دیوالی اور کرسمس پورے سال پر بھاری ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے ان تینوں تہواروں پر انہی تینوں خان کا کنٹرول ہے اور زیادہ تر کرسمس پر عامر خان، دیوالی پر شاہ رخ خان اور عید پر سلمان خان کی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں۔

دس سال پہلے تک فلم کے بزنس کے لحاظ سے دیوالی کا تہوار کرسمس اور عید سے بہت آگے تھا اور شاہ رخ خان کی بڑی بڑی فلمیں بھی دیوالی پر ہی ریلیز ہوتی تھی لیکن بعد میں عید اور کرسمس نے اسی طرح دیوالی کو پیچھے چھوڑ دیا جیسے سلمان اور عامر کنگ خان سے آگے نکل گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کرسمس ویک پر ایک فلموں کو بچوں کی چھٹیاں بھی ملتی ہیں اور بڑوں کو 25 دسمبر کو کرسمس اور پہلی جنوری کو نیو ایئر کی، اس لیے کرسمس ویک کبھی عید سے اور کبھی عید دوسری چھٹیوں کے ساتھ مل کر کرسمس سے باکس آفس پر آگے نکل جاتا ہے۔

عید کی سویاں دیوالی کی پھلجڑیاں اور کرسمس کیک ہر سال بالی وڈ میں کتنی خوشیاں اور پیسہ بانٹے ہیں آئیے اس سال سمیت پچھلے کچھ سالوں کے دلچسپ حقائق ہم آپ کو بتاتے ہیں۔اس سال سلمان خان عید پر ’’ریس تھری‘‘ سے دوڑ لگائیں گے، عامر خان ’’ٹھگز آف ہندوستان‘‘ سے دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے آئیں گے اور شاہ رخ خان کرسمس پر ’’زیرو‘‘ سے ہیرو بنیں گے۔

تینوں فلموں سے کم سے کم صرف بالی وڈ کے دیس میں 200 کروڑ کی کمائی متوقع ہے۔ سلمان کے ساتھ انیل کپور، بوبی اور جیکولین ہیں تو عامر خان پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ نظر آئیں گے ساتھ میں کترینہ کیف بھی جلوہ ہوں گی۔کترینہ شاہ رخ کے ہمراہ ’زیرو‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کریں گی اس فلم میں انوشکا بھی ہونگی اور ساتھ میں فلم انڈسٹری کی ایک لمبی فہرست مہمان اداکار اور اداکارہ کی کرسمس ٹری سجے گی۔

سلمان خان کے کپتان یعنی ڈائریکٹر’ اے بی سی ڈی‘ والے ریمو ڈی سوزا ہیں عامر خان کے دھوم تھری والے وجے کرشنا اچاریہ اور شاہ رخ خان کے تنو ویڈز منو والے آنند ایل رائے۔ عموماً عامر خان کرسمس اور شاہ رخ خان دیوالی کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اس سال دونوں نے اپنی جگہ چھوڑ کر دوسرے کی جگہ لے لی۔تینوں فلمیں خان ہیروز کی ہیں تو تینوں کا بجٹ یقینا زیادہ ہی ہوگا لیکن عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ہے، اس فلم سے مہنگی فلمیں تیلگو باہو بلی اور تامل روبوٹ ٹو ہیں لیکن دونوں فلموں کا تعلق جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری سے ہے۔

یہ سال کچھ عجیب تھا کچھ ہٹ کر تھا کیونکہ اس سال عامر کی ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ایورج اور شاہ رخ خان کی ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اور سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ فلاپ ہوئی۔ سلمان خان نے بعد میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ نے چین سے کمائی کر کے ساری کسر نکال دی۔اس سال عید پر سلمان خان کی کبیر خان کے ساتھ ٹیوب لائٹ ریلیز ہوئی لیکن فلم باکس آفس پر فیوز ہوگئی۔

اس فلم نے اپنے دیس میں 100 کروڑ اور دنیا بھر میں 200 کروڑ سے کچھ اوپر بزنس کیا۔دیوالی پر ریلیز ہونے والی عامر خان کی چھوٹے بجٹ کی سیکرٹ سپر اسٹار نے اپنے ملک میں تو صرف 70 کروڑ کا بزنس کیا لیکن چین کی وجہ سے اس فلم کی کمائی 950 کروڑ ہوگئی۔دیوالی پر گول مال فور نے سیکرٹ سپر اسٹار کو اپنے گھر میں پچھاڑا اور اجے دیوگن کی پہلی 200 کروڑ کی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔گول مال بالی وڈ کی کامیاب ترین سیریز ہے جس کی چاروں فلمیں سپر ہٹ ہوئیں ہیں۔گول مال نے دنیا بھر میں 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔اس سال کرسمس پر عامر خان اور شاہ رخ خان دونوں نے چھٹیاں منائی اور سلمان خان نے موقع پا کر جم کر کی کمائی، اس سال عید اور کرسمس دونوں تہواروں میں سلمان خان کی فلمیں ریلیز ہوئیں۔۔