پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی کوششوںکے نتیجے میں تھر سے کوئلے کی پیداوار کا عمل شروع ہونا قابل ستائش ہے، عبدالجبار خان

منگل 12 جون 2018 20:41

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیر عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی کوششوںکے نتیجے میں تھر سے کوئلے کی پیداوار کا عمل شروع ہونا قابل ستائش ہے اس کے ذریعے جلد ہی بجلی کی پیداوار بھی شروع ہوجائے گی جس کے بعد صوبہ سندھ میں سستی اور وافر مقدار میں بجلی عام لوگوں تک پہنچ سکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے اپنے پانچ سال دور اقتدار میں یوں تو لاتعداد میگا پروجیکٹ بنائے ہیں لیکن تھرکول اور صحت کے حوالے سے این آئی سی وی ڈی جیسے منصوبے سندھ کی تاریخ میں روشن باب کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اور آنے والے دنوں میں ان سے غریب عوام براہ راست فائدہ حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے انتخابات میں پیپلزپارٹی کی یقینی کامیابی کے بعد سندھ میں تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ سندھ دیگر صوبوں کے مقابلے میں عوامی سہولیات اور ترقی کے حوالے سے سب سے آگے رہا ہے۔