لوڈشیڈنگ میں اضافہ ’’شریف ‘‘پانچ سال کے بعد بھی جھوٹے نکلے : عوامی تحریک

نواز شریف یا اسحاق ڈار نہیں، ن لیگ کی ساری کابینہ قابل گردن زدنی ہے : فیاض وڑائچ نگران وفاقی وزراء کا لب و لہجہ مہذب تھا ورنہ طلال، دانیال کی گالیوں سے قوم عاجز آچکی تھی : نور اللہ صدیقی

منگل 12 جون 2018 20:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما فیاض وڑائچ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ میں اسلامیان پاکستان نے لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران کیساتھ رمضان المبارک گزارا،6 مہینے، 1سال،2 سال میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے کرنے والے پانچ سال کے بعد بھی جھوٹے نکلے،نگران وفاقی وزراء نے درست کہا کہ ڈیمز نہ بننے اور بجلی کے ترسیلی نظام کودرست نہ کرنے کی وجہ سے شارٹ فال بڑھا۔

رہنمائوں نے کہا کہ شریفوں نے بجلی کی عوامی ضرورت کو کمیشن بنانے کیلئے استعمال کیا، دھڑا دھڑ بجلی منصوبوں کے افتتاح تو کیے مگر پورے نظام کی اصلاح پر دانستہ توجہ نہیں دی، قوم اب ان مداریوں کا راستہ روکے، یہ جیل کا مال ہے اسے جیل میں ہی منتقل کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

فیاض وڑائچ نے کہا کہ پوری زندگی میں روپے کی بے قدری نہیں دیکھی جو گزشتہ 5سالہ دور حکومت کی مجرمانہ گورننس کے نتیجے میں آج قوم کے سامنے ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر 122 روپے کا ہو چکا، کھربوں روپیہ قرضہ کی مد میں بڑھ گیا، یہ سب نواز شریف، اسحاق ڈار اور ایک خاندان کی لوٹ مار کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ صرف نوازشریف، شہباز شریف یااسحاق ڈار مجرم نہیں بلکہ ن لیگ کی پوری قابل گردن زدنی ہے کہ جن کی آنکھوں کے سامنے ملک کی جڑیں کھوکھلی کی جاتی رہیں اوروہ اپنے چھوٹے چھوٹے فائدوں کیلئے منہ بند کر کے بیٹھے رہے، فیاض وڑائچ نے کہا کہ چودھری نثار بھی صرف دھمکیوں پر اکتفا نہ کریں وہ پوری طرح منہ کھولیں اور نواز شریف کا کچا چٹھا قوم کے سامنے رکھیں کیونکہ نواز شریف فوج کے خلاف بیرونی قوتوں کا آلہ کار بن کر آزادی اور خودمختاری کو دائو پر لگارہا ہے، یہ کرپٹ شخص کسی رو رعایت کا مستحق نہیں ہے۔

چودھری نثار نے آزاد امیدوار بننے کا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو پھر وہ پورا سچ بول کر ریاست پاکستان کیساتھ اپنی غیر متزلزل وفا کاثبوت دیں۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ نگران وفاقی وزراء نے انتہائی مہذب لب و لہجہ کے ساتھ پریس کانفرنس کی، بڑے طویل عرصے کے بعد حکومتی ایوانوں کے اندر سے مہذب اور شائستہ گفتگو سننے کو ملی ورنہ اس سے قبل طلال، دانیال، نہال ٹائپ کے لوگوں کی گالی گلوچ سن سن کر قوم عاجز آچکی تھی۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناجائز ہے، اس سے عوامی مشکلات بڑھیں گی، لہذا اس قسم کے فیصلے منتخب حکومت پر چھوڑے جائیں، چاپلوس بیوروکریسی نگرانوں سے غلط فیصلے کروا کر اس کا فائدہ شریفوں کو پہنچائے گی۔ نگران حکومت بیوروکریسی کے فراہم کردہ اعداد و شمار پر آنکھیں بندکر کے یقین نہ کرے ورنہ یہ بیوروکریسی انہیں بند گلی میں کھڑا کر دے گی۔