خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کارروائی چھ فیکٹریوں کی چیکنگ ،ناقص صفائی صورتحال پر 2فیکٹریاں سیل

منگل 12 جون 2018 19:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے بعد ازافطاری رنگ روڈ اور چمکنی میں کاروائی کرتے ہوئے چھ فیکٹریوں کی چیکنگ کی جس میں دو فیکٹریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا۔ ترجمان خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی عطااللہ خان کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد علی اور محمد عباس کی نگرانی میں کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے بعد از افطاری رنگ روڈ اور چمکنی کے علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے چھ فیکٹریوں کی چیکنگ کی جس کے دوران دو فیکٹریوں کو تالے لگائے گئے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ رنگ روڈ پر واقع شربت ساشے بنانے والی فیکٹری کی چیکنگ کے دوران کمپنی کی غلاظت کا پول کھل گیا۔

(جاری ہے)

کمپنی میں مضر صحت اجزا پیک کئے جاتے تھے جس پر اتھارٹی حکام نے ایکشن لیتے ہوئے فیکٹری کو سیل کردیاترجمان کے پی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ چمکنی میں واقع نمکو فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تو گودام میں ایک بھی بوری حشرات سے خالی نہیں نکلی۔

سارے گودام میں پڑی دال میں کھیڑے پائے گئے۔ گودام میں پڑی دال میں فنجائی اگی تھی جبکہ دال کی حالت بھی انتہائی ابتر تھی۔ کے پی فوڈ اتھارٹی کے افسران نے گودام میں کراچی سے منگوائے جانے والے غیرمعیاری تیل کو بھی قبضے میں لیا جس میں نمکو کو تلا جاتا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کے حکام نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کردیا جبکہ دیگر چار فیکٹریوں کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوہاٹ میں فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں نے کاروائی کرتے ہوئے تین سو کلوگرام مضر صحت مٹھائیوں کو ضائع کردیا جبکہ زایدالمیعاد اشیا کی فروخت پر دو جنرل سٹور کو تالے لگائے گئے۔ اسی طرح مردان میں بھی فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں نے کریانہ سٹورز پر چھاپے مارتے ہوئے تین کو تالے لگادئے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کریانہ سٹورز میں زائدالمیعاد اشیا پائی گئیں جس کی فروخت کھلے عام جاری تھی۔