چارسدہ ، چاندرات کو ہونیوالی ہوائی فائرنگ کیخلاف تاجر اتحاد اور پولیس کے زیراہتمام آگاہی واک کا انعقاد

منگل 12 جون 2018 18:42

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) عمرزئی بازار میں چاند رات پر ہونیوالی ہوائی فائرنگ کیخلاف تاجر اتحاد عمرزئی اور پولیس کے زیراہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں تاجر برادری کے علاوہ سول سوسائٹی اور پولیس کی بڑی تعداد موجود تھی۔واک کے اراکین نے عمرزئی بازار کے مختلف مارکیٹوں کا چکر لگایا اور ہوائی فائرنگ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

بعد میں ختم نبوت چوک عمرزئی میں اراکین سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنمائوں عصمت اللہ اور محمد جسیم نے کہا کہ چاند پر ہوائی فائرنگ ایک قبیح گناہ ہے اور اسلامی تعلیمات کے منافی عمل ہیں جن کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں کیونکہ خوشی کے اس موقع پر فائرنگ کی وجہ سے ایک ہنستا بستا گھر ماتم کدہ بن سکتا ہے اس لیے عوام کا فرض بنتا ہے کہ بجائے اس قبیح عمل کے کارتوس کے پیسے کسی غریب کو دے دیں۔

(جاری ہے)

تاکہ غریب اور غریب کے بچے بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ عمرزئی قیصر خان نے بھی خطاب کیا اور عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ڈی پی او چارسدہ ظہور آفریدی اور ڈی ایس پی تنگی سرکل تاج محمد خان نے عید کے دن پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر رکھی ہیں اور چاند رات پر پولیس مسلسل گشت کرتی رہی گی اور جہاں بھی ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد پائے گئے ان کیخلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں بھرتی جائے گی انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ جہاں بھی ایسی مذموم حرکت دیکھنے کو ملے تو فوری پولیس کو اطلاع دی پولیس اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے ملزمان کو کٹہرے میں لائنگے۔

بعد میں علاقے میں امن و امان اور باہمی بھائی چارے کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔