کرپشن اور ناانصافی کے اندھیروں میں پاسبان نے روشنی کے چراغ جلا دیئے ،ْ الطاف شکور

منگل 12 جون 2018 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ کرپشن اور ناانصافیوں کے گھپ اندھیروں میں پاسبان نے ،مخلص اور بہادر امیدوار کھڑے کرکے روشنی کے چراغ جلا دیئے ہیں ۔ کراچی سے لٹیرا شاہی کو نکال باہر کریں گے ۔ پاسبان کراچی نے ’’چھکا ‘‘ لگا دیا ہے اور کراچی سے قومی کی 4سیٹوں اور صوبائی کی 18سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں ۔

پاسبان کراچی کے عوام کے لئے ایک گلدستہ ہے جو کراچی میں دیر پا قیام امن اور عام آدمی کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ایک مو،ْثر سیاسی قوت کے طور پر اپنا وجود منوارہی ہے ۔ چلے ہوئے کارتوسوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا ۔اب عوام کسی سبز باغ اور دھوکے میں نہیں آئیں گے ۔ وہ پاسبان کراچی پبلک سیکریٹریٹ پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد آمد پر گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکورنے نامزد امیدواروں کو مبارکباد دی ،عوامی خدمت کے لئے خودکو پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور عوام سے انہیں دعائوں میں یاد رکھنے اور کامیابی کی اپیل کی ۔اس موقع پر پاسبان پاکستان کے جنرل سیکریٹری عثمان معظم ،کراچی کے صدرعبدالحاکم قائد ،جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار ، ضلعی صدور سیف الاسلام بخاری ،حامد صدیقی ،ظفر اقبال ،اکرم آگریا و دیگر بھی موجود تھے ۔

الطاف شکور نے کہا کہ پاسبان کراچی کے عہدیداران کو شاباش ہے کہ انہوں نے ایسے امیدوار منتخب کئے جوکراچی کے ہر علاقہ کی نمائندگی رکھتے ہیں ۔ ان امیدواروں میں مہاجر ،بلوچ ،سندھی ،پختون ،پنجابی شامل ہیں ۔ ان امیدواروں میں کوئی وڈیرہ نہیں ،کوئی جاگیردار نہیں ،کوئی سرمایہ دار نہیں ،کوئی الیکٹ ایبل نہیں ،کوئی لوٹا اور لٹیرا نہیں ۔ الطاف شکور نے کہا کہ پاسبان صحیح معنوں میں ایک عوامی جماعت ہے جس کی اکثریت انتہائی مظلوم ،غریب لیکن بہادر لوگوں پر مشتمل ہے ۔ یہ امیدوار اسمبلی میں جاکر عوام کے حق کے لئے لڑیں گے ۔