کے الیکٹرک کی بن قاسم کے علاقے میں بجلی چوری کے خلاف مہم

منگل 12 جون 2018 15:36

کے الیکٹرک کی بن قاسم کے علاقے میں بجلی چوری کے خلاف مہم
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) کے الیکٹرک کی ٹیموں نے قانون نافذ کرنے والی اداروں کے ہمرا ہ بن قاسم میں، بجلی چوری کے خلاف ہمہ گیر مہم سرانجام دی۔کے الیکٹرک کی ٹیموں نے گلشن حدید کے مختلف مقامات پر چھاپہ مارا جہاں سے 130 مختلف کنکشنوں کے ذریعہ تقریباً 4.2 ملین روپے کی بجلی چوری کی جا رہی تھی۔کے الیکٹرک اپنے نیٹ ورک اور انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کی مسلسل کوششوں کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں اور ان کو گردونواح میں ایسی مہم انجام دے چکا ہے جن کے دوران غیر قانونی کنکشنز ختم کر کے ٹنوں کے حساب سے کیبل ضبط کر لیا گیا اور بجلی چوروں کو سزائیں دی گئیں۔

جن صارفین پر چھاپے مارے گئے ان کی زیادہ تعداد کا تعلق رہائشی صارفین سے ہے جبکہ بعض صنعتی اور تجارتی صارفین بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس مہم کے دوران 48 کمرشل کنکشنز غیر قانونی طریقے سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جنہیں موقع پر ہی جرمانہ عائد کیا گیا۔قرب و جوار کے علاقوں میں غیر قانونی کنکشن ختم کر کے صارفین کو واجبات اور جرمانوں کی ادائیگی کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے۔

کے الیکٹرک کی ٹیموں نے علاقے میں قائم برف خانوں پر بھی چھاپہ مارا جن میں میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی ۔ اپنی ٹیموں کے ہمراہ موقع پر موجود کے الیکٹرک کے چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر، عامر ضیاء نے کہا،’’بجلی چوری نہ صرف کے الیکٹرک بلکہ علاقے میں رہائش پذیر افراد کے لیے بھی مسائل پیدا کرتی ہے۔ بجلی کی چوری اور نقصانات کے باعث صارفین کو لوڈ شیڈنگ ، وولٹیج میں کمی بیشی اور پی ایم ٹی کی ٹرپنگ جیسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ہم نے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور رہائشی عمارات اور برف خانوں کا جائزہ لیا جن میں میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑکی گئی تھی ۔ہم قانون نافذ کرنے والی اداروں کی جانب سے مسلسل معاونت فراہم کرنے اور حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں جس نے بجلی کی چوری کو قابل سزا جرم بنا کر ہمیں اس قابل بنایا ہے کہ ہم نادہندگان اور بجلی چوروں کوایک سخت پیغام دی سکیں۔

"بجلی چوری کے خلاف ایسی مہموں کے ذریعے کے الیکٹرک شہر کے تمام علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ پاور یوٹیلیٹی نے ایک مرتبہ پھر اپنے معزز صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام میں کے الیکٹرک کی مدد کریں اور اپنے علاقے میں موجود ایسے افراد کی رپورٹ کریں جو مسلسل بجلی چوری میں ملوث ہیں۔