Live Updates

عام انتخابات کے بعد وفاق میں مخلوط حکومت بنے گی، شرجیل میمن

منگل 12 جون 2018 13:07

عام انتخابات کے بعد وفاق میں مخلوط حکومت بنے گی، شرجیل میمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ عام انتخابات کے بعد وفاق میں مخلوط حکومت قائم ہوگی، کراچی سے عمران خان کا جیتنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے،عمران خان اور شہباز شریف کو انتخابات کے وقت سندھ یاد آتا ہے،، نوازشریف کا وی آئی پی احتساب ہورہا ہے ،میں 8 مہینے سے جیل میں پڑا ہوں کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں،نیب کا سندھ اور پنجاب میں دوہرا معیار کیوں ہے۔

منگل کو کراچی میں احتساب عدالت کے احاطے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان اور شہباز شریف کو انتخابات کے وقت سندھ یاد آتا ہے، انتخابات میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ ان تمام سیاسی جماعتوں سے ہوگا جن کے کوئی اصول نہیں، عام انتخابات کے بعد مخلوط حکومت بنے گی، کراچی سے عمران خان کا جیتنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ عام انتخابات میں اپنی کامیابی کا دعوی کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے دیگر حلقوں کی نسبت میرے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور لوگ مجھے کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ منتخب کریں گے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ کرپشن الزامات کا شکار دیگر جماعتوں کے رہنماں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، نوازشریف کا وی آئی پی احتساب ہورہا ہے جبکہ میں 8 ماہ سے جیل میں ہوں، میں 8 مہینے سے جیل میں پڑا ہوں کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں، عمران خان کے فرنٹ مین زلفی بخاری کا نام بھی ای سی ایل میں تھا، لیکن آدھے گھنٹے میں عدالتی حکم کے بغیر زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے خارج کر کے اسے ملک سے باہر جانے دیا، زلفی بخاری برطانیہ میں عمران خان کے اخراجات برداشت کرتے ہیں، پاکستان میں بھی زلفی بخاری ہی عمران خان کا کچن چلاتے ہیں، نیب کا سندھ اور پنجاب میں دوہرا معیار کیوں ہے۔

چوہدری نثار پر تنقید کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ چوہدری نثار کے ساتھ مقافات عمل ہورہا ہے، چوہدری نثار نے جس طرح لوگوں کے ساتھ ظلم کیا اور نام ای سی ایل میں ڈالے اس کی سزا بھگت رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات