آئی جی پنجاب نے جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث مجرمان کے خلاف کاروائیوںکو تیز کرنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا

پیر 11 جون 2018 22:20

آئی جی پنجاب نے جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث مجرمان کے خلاف کاروائیوںکو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صوبے میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو چوری ، ڈکیتی ، راہزنی اور قتل سمیت جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث پیشہ ور مجرمان کے خلاف جاری کاروائیوںمیں مزید تیز ی لانے کے حوالے سے خصوصی مراسلہ جاری کیا ہے۔

مراسلے میں کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے چنانچہ ماہ مقدس کے آخری ایام میں خاص طور پراہم شاپنگ مالز، مارکیٹوں اورکاروباری مراکز کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے جبکہ بنکوں کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ خطر ناک ڈاکوئوں ، اشتہاری مجرمان اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشنز اور کریک ڈائون کو مزید مو ثر بنایا جائے۔

مراسلے میں آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوزفیلڈ میںجاکر مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ حساس عبادت گاہوں کوبھرپور سکیورٹی مہیا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں کی چھتوں پر سنائپر ز کولازمی تعینات کیا جائے اور ان حساس عبادت گاہوں کے گرد ونواح میں پٹرولنگ فورسز کے گشت کو بڑھایا جائے ۔انہوں نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے بھر پور انتظامات کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپروائی قطعا قابل قبول نہیں ہو گی ۔آئی جی پنجاب نے صوبہ کے تمام اضلاع میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو جاری رکھنے اور ان میں مزید تیزی لانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک اور عید کے تینوں دنوں میں جرائم پیشہ، سماج دشمن عناصر اور خاص طور پر سٹریٹ کرمینلزکے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔