Live Updates

الیکشن میں حصہ لینے کیلئے ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کونسل کے 6اراکین سمیت اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے

پیر 11 جون 2018 19:05

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) ضلع ناظم حمایت اللہ مایار کونسل کے چھ اراکین سمیت اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے،اپنے استعفے ضلع نائب ناظم اسد علی کے حوالے کر دیے۔تفصیلات کے مطابق 2018کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے ضلع ناظم حمایت اللہ مایار ،ضلع کونسل کے اپوزیشن لیڈر ملک شوکت، تحریک انصاف کے عبد الستار،عمر فاروق کاکا خیل،عادل نواز ،سعدیہ مایار،نعیمہ ناز نے اپنا استعفیٰ ضلع نائب ناظم اسد علی کے حوالے کردیا ۔

اس موقع پرحمایت اللہ مایار نے کہاکہ دو سال نو ماہ اور گیارہ دن بطور ضلع ناظم انہوں نے مردان میں عوام کے فلاح و بہبود کے لئے بہت سے منصوبے مکمل کئے ہیں جس سے عوامی مسائل میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلع نائب ناظم اسد علی ، کونسل کے اراکین ،انتظامیہ اور ماتحت اداروں کے سربراہوں نے ضلع کی ترقی میں انکے ساتھ شانہ بشانہ خدمات انجام دیے ہیں اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے انہوں نے مشکلات کے باوجود ضلع کونسل کے ساتھ انہوں نے تعاون کیا ہے جس پر حمایت اللہ مایار نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دو سال سے زائد عرصے کے دوران انہوں نے خواتین کے لئے ویمن ریسورس سنٹر،دار الامان جیسے منصوبے مکمل کئے۔طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے انہوںنے ضلع کونسل کے تعاون سے ستوری دا مردان،گلونہ دا مردان اور سائنس فیسٹول جیسے اہم منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔انہوں نے کہاکہ مردان کی ضلعی حکومت واحد حکومت ہے جنہوں نے غرباء کے امداد اور سکولوں اور ہسپتالوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے خود ٹیکسیشن کی ۔

انہوں نے کہاکہ زراعت کے میدان میں مردان کے مختلف مقامات پر زیتون کے باغات لگائے اور سوشل فارسٹری کی جبکہ مختلف جگہوں میں گرین بیلٹ بھی قائم کئے۔انہوںنے کہاکہ ضلعی حکومت کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اپنے اراکین کو ماہانہ 12ہزار روپے اعزازیہ دے رہا ہے۔انہوں نے ضلع نائب اسد علی،کونسل کے اراکین اور تمام سیٹک ہولڈر کا شکریہ ادا کیا۔؂
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات