مقبوضہ کشمیر، جیلوں میں بند حریت کارکنوں ،لیڈروں سے بھارتی رویہ انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے، سید علی گیلانی

بھارتی جیلوں میںانسانیت سوز سلوک روا رکھا جاتا ہے، مذہبی آزادی سے محروم کر دیا جاتا ہے،بیوی بچوں، ماں باپ اور عزیزو اقارب کی ملاقات سے محروم رکھا جاتا ہے،چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس

پیر 11 جون 2018 18:33

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ جیلوں میں بند حریت کارکنوں ا ور لیڈروں سے بھارتی رویہ انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے، بھارتی جیلوں میں مقید کارکنان سے انسانیت سوز سلوک روا رکھا جاتا ہے، کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کے علاوہ مذہبی آزادی سے بھی محروم کر دیا جاتا ہے،بیوی بچوں، ماں باپ اور عزیزو اقارب کی ملاقات سے محروم رکھا جاتا ہے۔

کشمیری میڈیا کے مطابق جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے حریت پسند قیدیوں کی حالت زار پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا کہ بھارت کی فرقہ پرست قیادت اپنی فوجی طاقت کے نشے میں جموں و کشمیر کے حریت پسند محبوسین کے ساتھ سیاسی انتقام گیری اور غیر انسانی سلوک روا رکھے جانے کے قیدیوں سے متعلق انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے تعبیر کیا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں حریت رہنما نے انسانی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ظالم سے ظالم اور بدترین جابر حکمرانوں نے بھی اپنے دور اقتدار میں قیدیوں کے مذہبی تہوار پر ان کو رہا کرنے سے گریز نہیں کیا ہے حریت راہنما نے ریاست جموں و کشمیر کے اندر اور بھارت کے جیل خانون میں ریاست کے اسیران زندان کے ساتھ ظلم اور بے رحم انتظامیہ کی طرف سے ظلم و تشدد کے حوالے سے رونگھٹے کھڑے کئے جانے کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔

حریت رہنما نے قیدیوں پر تشدد ڈھائے جانے انہیں تنگ و تاریک سیلوں میں مقید رکھنے انہیں جرائم پیشہ قیدیوں کے ساتھ بارکوں میں جبرا نظر بند رکھنے ، انہیں نماز اور دیگر مذہبی عبادات میں ان جرائم پیشہ غیر مسلم قیدیوں کی طرف سے تنگ طلب کرنے اور ذہنی اور روحانی کوفتوں میں مبتلا کرنے انہیں مناسب طبی سہولیات سے محروم رکھنے انہیں اپنے بچوں بیویوں، ماں باپ اور عزیز و اقارب سے ملاقات کے دوران تنگ طلب کرنے ، عدالتوں تک لے جانے اور واپس لانے کے دوران غیض و غضب کا نشانہ بنانے اور عدالتوں کے چکر میں دانستہ طول دینے کی بے رحمانہ کارروائیوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ان اوالوالعزم قیدیوں کے صبر و استقلال اور جذبہ آزادی پر فخر ہے اپنی قوم کے حریت پسند اصحاب ثروت سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کے مبارک موقع پر ہمیں اپنے شہدا کی حاجت مند بیوائوں ، بچوں اور والدین و دیگر مستحقین کے علاوہ اپنے قیدیوں کے آل و عیال اور لواحقین کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔