پنجاب کی چھ رکنی کابینہ کے ارکان نے گورنر ہائوس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ْشوکت جاوید ،احمدوقاص ریاض،ظفر محمود، ضیاء ایچ رضوی،ڈاکٹر جواد ساجد خاں اورانجم نثارشامل رفیق رجوانہ سے حسن عسکری کی ملاقات ،ملکی صورتحال ، بروقت انتخابات کو یقینی بنانے ودیگر امور پر تبادلہ خیال

پیر 11 جون 2018 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) پنجاب کی چھ رکنی کابینہ کے ارکان نے گورنر ہائوس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے نگران صوبائی وزراء سے حلف لیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن(ر) زاہد سعید نے تقرری سے متعلق نوٹیفیکیشن پڑھ کے سنایا۔حلف اٹھانے والے نگران صوبائی وزراء میں شوکت جاوید ،احمدوقاص ریاض،ظفر محمود، ضیاء ایچ رضوی،ڈاکٹر جواد ساجد خاں اورانجم نثارشامل ہیں۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی اس پر وقار تقریب میں نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری رضوی، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، صوبائی سیکرٹریز، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد، ایئر فورس کے کموڈور شعیب خاں اور دیگر عمائدین بھی اس تقریب میںموجود تھے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب کے نگران وزیر اعلی پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری رضوی نے ملاقات کی - ملاقات کے دوران ملکی صورت حال ، بروقت انتخابات کو یقینی بنانے ودیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا -