ریڈ بل کی جانب سے غیر معروف کرکٹرز کے لیے اسٹریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام

اتوار 10 جون 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) معروف انرجی ڈرنک ریڈ بل کی جانب سے کراچی میں پہلی غیر معروف کرکٹرز کے لیے اسٹریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، اس اسٹریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کا انعقاد ہل پارک کی پارکنگ لاٹ میں 8جون2018کو کیا گیا۔ریڈ بل کی جانب سے اسٹریٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کے لیے انتہائی یادگار لمحات کا باعث رہا،جس میں گلی کوچوںمیں کرکٹ کھیلنے والے شائقین نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، ٹورنامنٹ میں 32مقامی ٹیموں نے حصہ لیکر پورے کراچی کی نمائندگی کی جس میں ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، پی سی ایچ ایس اور نارتھ ناظم آباد کی ٹیمیں شامل تھیں۔

کھیل کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے کچھ اصول مرتب کیے گئے تھے ، جیسے ہٹ لیگ سائٹ باونڈی (ایک رن(، ہٹ دی آف سائٹ باونڈی(دورن)، آف سائٹ باونڈری پر براہ راست گیند پھینکنے پر (آوٹ ) جبکہ سامنے باونڈری پر گیند پھینکنا عمومی طو ر پر (چوکا اور چھکا) رکھا گیا۔

(جاری ہے)

اننگز کے دوران دونوں ٹیموں کو دونوں سائیڈ پر سپر بالز کا موقع دیا گیا، سپر بال کے دوران بالنگ کرنے والی ٹیم کی جانب سے وکٹ لینے کی صورت میں اننگ کھیلنے والی ٹیم کے پانچ رنز ضائع کرنے کا قانون بھی بنایا گیا، جبکہ سپر بال کھیلنے والی ٹیم کے رنز اسکورمیں ڈبل اضافہ رکھا گیا تھا۔

کھیلنے والی ٹیموں کی تفصیلات کچھ اس طرح سے تھیں۔پہلے سیمی فائنل میں :کراچی اسپورٹس بمقابلہ ایم ڈی اسپورٹس۔ پہلی اننگ میں کراچی اسپورٹس نے 56رنز اسکور کیے، جبکہ دوسری اننگ میں ایم ڈی اسپورٹس نے 29رنز بنائے، اس طرح کراچی اسپورٹس نے پہلا میچ 28رنز کی برتری سے جیت لیا۔ دوسرا سیمی فائنل: ماڈل اسپورٹس بمقابلہ حسن اسپورٹس۔پہلی اننگ مین ماڈل اسپورٹ نے 51رنز بنائے جس کے تعاقب میں دوسری اننگ میں حسن اسپورٹس نے صرف 22رنز اسکور کیے اس طرح دوسرے سیمی فائنل میں ماڈل اسپورٹس نے یہ مقابلہ 30رنز سے اپنے نام کیا۔

فائنل میچ: ماڈل اسپورٹ کا مقابلہ کراچی اسپورٹس سے ہوا۔فائنل میچ کی پہلی اننگ میں ماڈل اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کے دوران 35رنز اسکور کیے، جبکہ تعاقب میں دوسری اننگ میں کراچی اسپورٹس 36رنز بناکر یہ مقابلہ 6وکٹوں کی واضح برتری سے جیت لیا۔میچ کے اختتام پر بہترین بالنگ کا ایوارڈ کراچی اسپورٹس کے محمد زوہیب کو دیا گیا جبکہ ماڈل اسپورٹس کے اسد شاہ بہترین بلے باز ایوارڈکے حقدار قرار پائے۔

اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ بل نے میچز کے انعقاد کے لیے محفوظ مقام کا انتخاب کیا ہے، ریڈبل کا یہ اقدام قابل تحسین اور قابل ستائش ہے کہ اس نے کرکٹ کھیلنے والوں کو یہ موقع فراہم کیا ، معین خان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں کراچی میں خاص طور پر نائٹ میچز کا انعقاد ایک بہترین روایت بن گیا ہے،میں سمجھتا ہوں کہ اس طرح کے میچز کا انعقاد صرف رمضان المبارک میں نہیں بلکہ اس کے علاوہ بھی باقی مہینوں میں رہنا چاہیے کیوں کہ یہ ایک صحتمندانہ سرگرمی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں اتنا بڑا مجمع دیکھ کر حیرت بھی ہے اور خوشی بھی ، ان کا کہنا تھا کہ میں آج یہاں اس لیے بھی آیا ہوں کہ میرے کرکٹ کی ابتداء بھی ٹیپ بال اور ٹینس بال سے ہوئی تھی، ان کا کہنا تھا کہ ریڈ بل کا یہ اقدام قابل ستائش ہے اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی اس قسم کی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرتے رہیں گے۔