کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹرکا سالانہ رزلٹ ڈے، میڈلز اور سرٹیفکیٹ کی تقسیم

اس وقت سب سے زیادہ ضرورت تعلیم اور صحت پر توجہ دیناہے،عبدالحسیب خان

اتوار 10 جون 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے سالانہ رزلٹ ڈے کے موقع پر ایک پروقار تقریب میں ادارے کے نگران اور سرپرست اعلیٰ عبدالحسیب خان نے اپنے تمام طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انکے مختلف شعبوں میں کارکردگی پر دلی مسرت کا اظہار کیاہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وہ تمام والدین تھے جن کے بچے کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں زیرِ تربیت ہیں۔

یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے ادارے کی کارکردگی پر بھروسہ کیا اور ادارہ اپنے فرائض کو بخوبی نبھا سکا۔رزلٹ ڈے کے موقع پر ادارے نے ان تمام طلباء اور طالبات کو بھی میڈلز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا جو اس سال کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نہ صرف شریک ہوئے بلکہ انعامات جیت کر آئے اور ادارے کا نام روشن کرنے میں پیش پیش ہیں۔

(جاری ہے)

نیشنل گیمزپیرا اولمپکس پشاور,پیرا تائی کوونڈو لاہور,اور دیگر مقابلے شامل ہیں۔

بینظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام کی جانب سے مستفید ہونے والی تیرہ طلباء کو بھی BBSYDP کی جانب متوجہ سے اسناد سے نوازا گیا۔اس موقع پر عبدالحسیب خان نے کہا کہ انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے اورمعاشرے کے ہرفرد کوجینے کا حق حاصل ہے جبکہ اس وقت سب سے زیادہ ضرورت تعلیم اور صحت پر توجہ دیناہے،بدقسمتی سے ایسا نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے بچوں کو باہر بھیج کر اعلیٰ تعلیم دلواتے ہیں مگر اپنے ملک کے بچوں کو تعلیم کیلئے بجٹ میں زیادہ سے زیادہ رقم مختص کرتے ہوئے روتے ہیں،حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت پر توجہ دینا شامل نہیں ہے اگرجعلی ڈگری یافتہ افراداسمبلیوں میں بیٹھتے رہیں گے توانہیں کیا پتہ ہوگا کہ تعلیم کیسے حاصل کی جاتی ہے اور غریب کو صحت کے کیا مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو اپنے شعبوں میں کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن معاشرہ انہیں ایسا کرنے سے روکتا ہے،مجھے خوشی ہے کہ کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں میرے ساتھ ایک بہترین ٹیم کام کررہی ہے اور شہرکے کئی معززین میرے ہم قدم ہوچکے ہیں۔