Live Updates

آئندہ عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

کراچی کی قومی اسمبلی کی 21اور44 صوبائی نشستوں کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کے 700سے زائد امیدواروں نے نامزدگی فارم جمع کرادیئے

اتوار 10 جون 2018 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) آئندہ عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج(پیر)11جون آخری دن ہے جبکہ صوبے بھر میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی چھان بین کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ پیپلزپارٹی،تحریک انصاف سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کی جانب سے پارٹی ٹکٹ کا اجراء نہ ہونے اوربعض امیدواروں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے آزاد حیثیت میں انتخابات لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں آئندہ عام انتخابات کے لئے صوبائی دارالحکومت کراچی کی قومی اسمبلی کی 21اور44 صوبائی نشستوں کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی ، متحدہ قومی موومنٹ ،گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ، پاک سرزمین پارٹی، اے این پی،متحدہ مجلس عمل ، تحریک لبیک سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے 700سے زائد امیدواروں نے نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں۔

(جاری ہے)

آئندہ عام انتخابات کے لئے جمع کردہ امیدواروں کی تفصیلات نیب ، اسٹیٹ بینک سمیت متعلقہ اداروں کوارسال کی گئی ہیں ۔الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں11جون تک توسیع کی تھی۔خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے کاغذات نامزدگی بھی آج(پیر)تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔۔الیکشن کمیشن، ضلعی ریٹرننگ افسروں اور ریٹرننگ افسروں کے دفاتر اتوار کے روز بھی کھلے ر ہے اورمختلف سیاسی پارٹیوں کے امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

اتوار کے روز فارمز وصول کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف سرِ فہرست رہے۔ جنہوں نے کراچی سے قومی اسمبلی کے تین حلقوں کے لئے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے۔۔ سینیٹر سلیم ضیا نے شہباز شریف کے لیے این اے 248، 249 اور 250 سے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ادھرڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے این اے 254 سے کامران ٹیسوری نے این اے 255 اور این اے 249 سے پیپلز پارٹی کے سعید غنی نے این اے 244 اور پی ایس 104 ،ایم کیو ایم کے اقبال محمد علی نے این اے 241 اور 242 ،پیپلزپارٹی کے وسیم اختر نے پی ایس 117 سے ، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل نے این اے 249 سے ایم کیو ایم کے ارشاد علی اور اے پی ایم ایل کے نسیم خان نے پی ایس 127 سے پیپلز پارٹی کے رانا محمد عقیل نے پی ایس 124 سے ،پیپلز پارٹی کے سابق رکن اسمبلی جاوید ناگوری نے پی ایس 107 سے سابق ایم این اے شاہجہاں بلوچ نے پی ایس 108 لیاری سے ایم کیو ایم بہادر آباد کے کنور نوید جمیل نے این اے 255 سے مسلم لیگ نون کے مولانا تنویر الحق تھانوی نے این اے 253 سے ،پی ایس 105 سے مسلم لیگ نون کے طارق محمود نے پی ایس 98 سے حاجی محمد اقبال نے کاغذات نامزدگی اے پی ایم ایل کی شاہین نواز نے این اے 244 اور پی ایس 128 سے ،پیپلز پارٹی کے عمران صدیقی نے پی ایس 96 ،ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان نے پی ایس 126 عزیز آباد سے ،ایم کیو ایم حقیقی کے کامران رضوی نے این اے 243 اور پی ایس 123 سے ،پی ایس 93 سے پیپلز پارٹی کے افتخار انور خان نے ،پی ایس 126 سے مسلم لیگ نون کے تنویر افضل نے ،پی ایس 105 سے ایم کیو ایم کے تصویر الحق تھانوی نے اورتاجررہنما ایاز موتی والا نے حلقہ این اے 243 اور پی ایس 110 ۔

111 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں مخصوص نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔۔ پی پی ویمن ونگ کی صدر شاہدہ رحمانی نے قومی اسمبلی کے لئے اورخیرالنسا مغل نے صوبائی اسمبلی کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک کے مطابق مخصوص نشستوں پر دو سو سے زائد کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جاچکے ہیں
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات