نئی دلی :حریت رہنمائوں کی دہلی میںپاکستانی ہائی کمیشن میںافطار پارٹی میں شرکت

اتوار 10 جون 2018 13:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2018ء) حریت رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور وکلاء نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں افطار پارٹی میں شرکت کی۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جن حریت رہنمائوں نے افطار پارٹی میں شرکت کی ان میںہلال احمدوار، یاسمین راجہ، ایڈوکیٹ زاہد علی،شوکت احمد بخشی، محمد شفیق بٹ، انجینئر فاروق احمد،انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن انتواور سینئر وکیل جی این شاہین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جی این شاہین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت اور پاکستان کو مذاکرات بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کا بہترین طریقہ مذاکرات ہیں۔ شاہین نے کہاکہ ہم نے پاکستانی ہائی کمیشن کوبھارت اور پاکستان کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کو بحال کرنے کی ضرورت کے بارے میں بتادیا ۔سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق،محمد اشرف صحرائی اور محمد یاسین ملک سمیت حریت کی اعلیٰ قیادت گھروں میں نظربندی کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کرسکی ۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے تمام حریت رہنمائوں کو افطارپارٹی میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔