Live Updates

"کالا باغ ڈیم کبھی نہیں بننے دیں گے"

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی متنازعہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا، وزارت عظمیٰ کے امیدوار ، قومی لیڈر کو ایسے شرمناک خیالات کا اظہار نہیں کرنا چاہیئے: سوشل میڈیا صارفین

muhammad ali محمد علی ہفتہ 9 جون 2018 23:12

"کالا باغ ڈیم کبھی نہیں بننے دیں گے"
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جون2018ء) "کالا باغ ڈیم کبھی نہیں بننے دیں گے" تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی متنازعہ ویڈیو منظر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ایک پرانی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے۔ اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ ویڈیو میں عمران خان سندھ میں تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی کے ہمراہ ایک جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ کالا باغ ڈیم کبھی نہیں بننے دیں گے۔ عمران خان کی اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سے عوام کی اجن سے شدید ردعمل دیا جا رہا ہے۔ خاص کر عمران خان کو سوشل میڈیا پر خاصی تنقید کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار قومی لیڈر کو ایسے شرمناک خیالات کا اظہار نہیں چاہیئے۔

(جاری ہے)

ملک میں اس وقت پانی کی کمی کا بحران تیزی سے سر اٹھا رہا ہے، ایسے میں کالا باغ اور دیگر ڈیموں کی تعمیر نہایت ضروری ہے۔ لیکن عمران خان جو کہ ممکنہ طور پر آئندہ ملک کے وزیراعظم ہو سکتے ہیں، ان کی جانب سے کالا باغ ڈیم تعمیر نہ کرنے کا اعلان نہ صرف شرمناک بلکہ انتہائی افسوسناک بھی ہے۔ ایک قومی سطح کے لیڈر کو ایسے بیانات دینے کی بجائے قومی مسائل کے حل کیلئے تجاویز دینی چاہیئں۔

صارفین کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان کو متنازعہ بیانات دینے کی بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبوں کے درمیان کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اختلافات ختم کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں نئے ڈیموں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ پاکستان میں پانی کی کمی کا بحران تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے۔

جہاں ایک طرف موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان بے حد متاثر ہوا ہے، وہیں دوسری جانب بھارت نے نئے ڈیم بنا کر پاکستان کے دریاوں کا پانی روک لیا ہے۔ اس تمام صورتحال کے باوجود پاکستان میں بننے والی کوئی بھی حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ پاکستان میں بننے والی زیادہ تر حکومتوں کی توجہ ترقیاتی منصوبے پر ہی مرکوز رہتی ہے۔

پاکستان میں بننے والی حکومتوں نے کبھی بھی مستقبل کی فکر کرتے ہوئے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدگی سے کوئی کام نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پانی کا بحران ہر گزرتے دن کیساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ عالمی موحولیاتی تنظیموں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

اسی باعث پاکستان میں پہلے سے قدرے کم بارشیں ہونے لگی ہیں۔ جبکہ پاکستان میں گرمی کے موسم کی شدت اور دورانیہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں ڈیموں کی کمی کے باعث دریاوں کا 90 فیصد پانی بھی ضائع ہو جاتا ہے۔ پاکستان نے اب تک جو ڈیم تعمیر کیے ہیں، ان کی مدد سے صرف 10 فیصد پانی محفوظ کیا جا سکتا ہے، پانی کی یہ مقدار 22 کروڑ لوگوں کے ملک کیلئے ناکافی ہے۔

اس صورتحال میں حکمراں تو اب بھی خواب غفلت سے بیدار نہیں ہوئے، تاہم اب عوام نے اس مسئلے کو حل کروانے کی ذمہ داری خود سنبھال لی ہے۔ پاکستانی عوام کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک بھرپور مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا نعرہ ہے کہ "ڈیم بناو، پاکستان بچاو"۔ اس مہم میں شرکت کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کا مطالبہ ہے کہ نہ سڑکیں چاہیئں، نہ میڑو بس، نہ ہی اورنج لائن ٹرین، پاکستان کا مستقبل محفوظ بنانا ہے تو نئے ڈیم بنائیں جائیں۔ اگر ملک میں کالا باغ اور دیگر ڈیم تعمیر نہ کیے گئے تو اگلے چند برسوں میں پاکستان پانی کی بوند بوند کو ترسے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات