صومالیہ، عسکریت پسندوں کے حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک،چار زخمی

ہفتہ 9 جون 2018 20:26

موغادیشو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2018ء) صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک عسکریت پسندوں کے حملے میں اسپیشل امریکی آپریشنز کا ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ شمال مغربی ساحلی شہر کسمایو سے 50 کلومیٹر دور اس وقت پیش آیا جب امریکی فورسز صومالیہ اور کینیا کے فوجیوں کے لیے چوکی کی تعمیر میں معاونت میں مصروف تھے۔

امریکی فوجی حکام کے مطابق چوکی کی تعمیر علاقے کو دہشت گرد گروپ الشباب کے عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کے مشن کا حصہ تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ سنگونی نامی علاقے میں امریکی، صومالی اور کینیائی فوجی اپنے دفاع کے لیے مورچے کھود رہے تھے کہ عسکریت پسندوں نے ان پر حملہ کر دیا۔ ان کے بقول عسکریت پسندوں نے پہلے متعدد دھماکے کیے پھر فورسز پر شدید فائرنگ کی اور گولے داغے۔

(جاری ہے)

امریکی حکام کے مطابق زخمیوں میں ایک صومالی فوجی بھی شامل ہے لیکن عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو صومالی فوجی مارے گئے۔ الشباب کی خبر رساں ایجنسی 'شہادہ' نے فوری طور پر سوشل میڈیا کی 'ٹیلیگرام' سروس پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔ عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ایک انٹیلی جنس گروپ 'ایس آئی ٹی ای' کے مطابق گروپ نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ "شباب المجاہدین تحریک کے جنگجووں نے صومالی اور امریکی فورسز کے فوجی اڈے پر حملہ کیا۔

" امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے باوجود صومالی اور کینیائی فورسز یہ چوکی قائم کرنے میں کامیاب رہیں اور صومالی حکومت اسے استعمال کر تے ہوئے علاقے سے الشباب کو نکال باہر کرنے کے قابل ہو گی۔ صومالیہ میں گزشتہ دو سالوں کے دوران یہ دوسرا امریکی فوجی ہے جو ہلاک ہوا۔ گزشتہ مئی امریکی بحریہ کا ایک کمانڈو صومالیہ کے ایک گاوں دار السلام کے قریب مارا گیا تھا۔