Live Updates

راولپنڈی میں ٹکٹس کی تقسیم کا معاملہ

ن لیگ پریشانی کا شکار، ٹکٹس کے حصول کے لیے حنیف عباسی اور دانیال چودھری میں سخت مقابلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 جون 2018 16:36

راولپنڈی میں ٹکٹس کی تقسیم کا معاملہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 جون 2018ء) : عام انتخابات قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے پارٹی اُمیدواروں کا اعلان کیا ۔ تاہم اب مسلم لیگ ن بھی پارٹی ٹکٹس کی تقسیم پر پریشان دکھائی دے رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت کو ٹکٹس کی تقسیم کے معاملے پر پریشانی کا سامنا ہے۔ راولپنڈی میں شیخ رشید کے مقابلے میں الیکشن کون لڑے گا ، تاحال یہ فیصلہ بھی نہیں کیا گیا۔ جبکہ دوسری جانب پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے حنیف عباسی اور دانیال عزیز میں بھی سخت مقابلہ جاری ہے۔ حنیف عباسی شہباز شریف کے خاصے قریب ہیں جبکہ دانیال چودھری کو مریم نواز کی ٹیم کا اہم حصہ قرار دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف سے یہی کہا جا رہا ہے کہ پارٹی ٹکٹ انہی کو دیا جائے گا ، پارٹی ٹکٹ کی تقسیم پر تاحال مشاورت جاری ہے لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد سے ہی مسلم لیگ ن کے تاریک دن شروع ہو گئے تھے۔ مسلم لیگ ن کے کئی رہنماؤں نے پارٹی کی پالیسی اور نواز شریف کی جارحانہ سیاست کو مسترد کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور پی ٹی آئی سمیت دوسری سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کر لی۔

متعدد رہنماؤں کی پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں میں شمولیت کی وجہ سے بھی مسلم لیگ ن ٹکٹس کے معاملے پر پریشانی کا شکار ہے کیونکہ ان کے پاس پارٹی اُمیدوار کم ہیں، یہی وجہ ہے کہ تاحال پارٹی ٹکٹس کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو نیب مقدمات کا سامنا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نیب مقدمات میں نواز شریف اور مریم نواز کو سزا سنا دی جائے گی جس کے بعد انہیں جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات