لیبیا،القاعدہ کا اہم ترین سیکورٹی کارکن گرفتار

گرفتار کارکن الاسطی عمر شدت پسند حلقوں میں ابو سلیم کے نام سے جانا جاتا ہے

ہفتہ 9 جون 2018 15:23

طرابلس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) لیبیائی فوج نے القاعدہ کے ایک سیکیورٹی عہدیدار کو حراست میں لے لیا،گرفتار کارکن الاسطی عمر شدت پسند حلقوں میں ابو سلیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا کی فوج نے آج جمعہ کے روز ملک کے مشرقی شہر درن میں ایک کارروائی کے دوران القاعدہ کے ایک سیکیورٹی عہدیدار کو حراست میں لیا ہے۔

درن میں لیبی فوج کی کارروائی میں القاعدہ کے سیکیورٹی امور کیانچارج یحیی الاسطی عمر کی گرفتاری کو دہشت گرد تنظیموں پر کاری ضرب کے طورپر دیکھا جا رہا ہے۔لیبیا کی فوج کے ترجمان احمد المسماری نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر پوسٹ ایک بیان میں بتایا کہ الکرامہ اپریشنل کنٹرول روم نے القاعدہ کے درنہ میں سیکیورٹی امور کے انچارج یحیی الاسطی عمر کو حراست میں لیا ہے۔

(جاری ہے)

الاسطی عمر کو گرفتاری کے بعد ایک کرسی پر بیٹھے دکھایا گیا ہے اور اس کے ہاتھوں میں ہتھکڑی لگائی گئی ہے جب کہ اس نے سول کپڑے پہن رکھیے ہیں۔ اس کے پیچھے ملٹری پولیس کا ایک باوردی فوجی افسر کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ الاسطی عمر کو شدت پسند حلقوں میں ابو سلیم کے نام سے جانا جاتا ہے۔ وہ درں شہر میں القاعدہ کی مجلس شوری کا دوسرا اہم ترین لیڈر قرار دیاجاتا ہے۔ اس کی گرفتاری درں میں القاعدہ اور دوسرے دہشت گردوں کے لیے کاری ضرب قرار دیا جاتا ہے۔