Live Updates

پی ٹی آئی نے امیدواروں کی فہرست جاری کردی، عمران خان 5 حلقوں سے الیکشن لڑیں گے

عمران خان کراچی، لاہور، اسلام آباد، بنوں اور میانوالی سے الیکشن لڑیں گے شفقت محمود این اے 130 ،ْ اسد عمر این اے 54 ، شاہ محمود قریشی این اے 156 ،ْزین قریشی این اے 157 ملتان سے انتخابات میں حصہ لیں گے ساڑھے 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں لیکن سب کو ٹکٹس دینا ممکن نہ تھا، عمران خان

جمعہ 8 جون 2018 21:37

پی ٹی آئی نے امیدواروں کی فہرست جاری کردی، عمران خان 5 حلقوں سے الیکشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے جولائی میں ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق عمران خان قومی اسمبلی کی 5 نشستوں سے الیکشن لڑیں گے۔ جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے 173 امیدواروں اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کی انتخابی فہرست جاری کر دی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری انتخابی فہرست کے مطابق پارٹی چیئرمین عمران خان کراچی، لاہور، اسلام آباد، بنوں اور میانوالی سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔عمران خان کراچی سے این اے 243، این اے 65 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 95 میانوالی اور این اے 131 لاہور سے الیکشن لڑیں گے۔علیم خان لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 129، ڈاکٹر یاسمین راشد این اے 125 لاہور اور اعجاز چوہدری این اے 131 لاہور سے انتخابی دنگل لڑیں گے۔

(جاری ہے)

شفقت محمود این اے 130 لاہور، اسد عمر این اے 54 اسلام آباد، شاہ محمود قریشی این اے 156 ملتان اور ان کے بیٹے زین قریشی این اے 157 ملتان سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک این اے 25 نوشہرہ اور سابق اسپیکر کے پی کے اسد قیصر این اے 18 صوابی سے انتخاب لڑیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری این اے 67 جہلم سے انتخابی معرکہ لڑیں گے جبکہ ابرار الحق این اے 78 نارووال اور عثمان ڈار این اے 73 سیالکوٹ سے الیکشن لڑیں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی این اے 247 کراچی اور علی زیدی این اے 244 کراچی سے الیکشن لڑیں گے۔لیاقت علی جتوئی این اے 234 دادو اور سردار یار محمد رند این اے 260 نصیر آباد/جھل مگسی سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ پارلیمانی بورڈ نے زیادہ تر حلقوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب کر لیا ہے، یہ نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے۔

انہوںنے کہاکہ ساڑھے 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، فطری امر تھا کہ سب ٹکٹس دینا ممکن نہ تھا۔انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے لی، دیرینہ کارکنان اور پارٹی وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جن لوگوں کو ٹکٹس نہیں ملے انہیں ساتھ چلنے کی دعوت دیتا ہوں کیونکہ نئے پاکستان کی تعمیر کا خواب بڑا خواب ہے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کا پورا دھیان رکھتے ہوئے بہترین امیدوار میدان میں اتارنے کی کوشش کی۔انہوںنے کہاکہ نئے پاکستان کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ہمارے ساتھ نکلیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات