پروفیسر حسن عسکری نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر رفیق رجوانہ نے حلف لیا

نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ، ایوان وزیر اعلیٰ آمد پر گارڈ آف آرنر پیش شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے،قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ‘نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری کی گفتگو

جمعہ 8 جون 2018 21:06

پروفیسر حسن عسکری نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) پروفیسر حسن عسکری نے پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے حلف لیا،حسن عسکری نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ، ایوان وزیر اعلیٰ آمد پر گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری گورنر ہائوس لاہور میں منعقد ہوئی جس میں سیاسی و عسکری شخصیات نے شرکت کی ۔

تاہم ناسازی طبیعت کے باعث سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے تقریب میں شرکت نہ کی ۔اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے پروفیسر حسن عسکری سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔حلف اٹھانے کے بعد شرکاء کی جانب سے حسن عسکری کو مبارکباد دی گئی ۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔

(جاری ہے)

نگراں وزیراعلی پنجاب پروفیسر حسن عسکری نے حلف برداری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد اولین ترجیح ہے،کوشش ہوگی کہ تمام جماعتوں کوقانون کے مطابق یکساں مواقع فرہم کیے جائیں ، قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی ۔

بعد ازاں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج بھی سنبھال لیا اور ایوان وزیر اعلیٰ آمد پر انہیں گارڈ آف آرنر پیش کیا گیا ۔ پروفیسر حسن عسکری ایک مشہور ماہر سیاسیات اور عسکری تجزیہ کار ہیں اور پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر کے عہدے پر خدمات انجام دے رے ہیں۔پروفیسر حسن عسکری نے 1960سے 1964تک گورنمنٹ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی، بعد ازاں 1968ء میں پنجاب یونیورٹی سے پولیٹیکل سائنس اور انگلش لٹریچر میں گریجویشن کی۔

اس کے بعد 1979ء میں یونیورسٹی آف پیننسلوینیا سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹر اور ایک برس بعد اسی جامعہ سے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کیا۔پنجاب کے نگراں وزیر اعلی 1996سے 1999تک کولمبیا یونیورسٹی میں پاکستان اسٹڈیز کے وزٹنگ پروفیسر بھی رہے، اس کے علاوہ وہ 1988سے 1991تک جرمنی کی ہیڈلبرگ یونیورسٹی میں بھی پروفیسر رہے ہیں۔پروفیسر حسن عسکری مختلف ملکی اور بین الاقوامی اخبارات اور جرائد میں مختلف موضوعات پر لکھتے رہے ہیں اور وہ 35سال سے زائد عرصے سے شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔

پروفیسر حسن عسکری مقامی سطح کے ساتھ ساتھ جرمنی اور امریکہ کی جامعات میں جوبی ایشیائی معاملات، تقابلی سیاست، بین الاقوامی تعلقات، پاکستان کی اندرونی اور بیرونی پالیسی، سول ملٹری تعلقات، مشرق وسطی اور خلیج خطے سے متعلق موضوعات پر لیکچر دیتے رہے ہیں۔2010ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی خدمات پر انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متفقہ طور پر پروفیسر حسن عسکری کو پنجاب کا نگران وزیر اعلی مقرر کیا تھا۔جس پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر کے کسی اور کو نگران وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا مگر الیکشن کمیشن نے لیگ کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا ۔